پنجاب روز گار سکیم معاشی ترقی کو منفی مثبت سے رجحان کی طرف لے جائیگی: مخدوم جواں بخت
لاہور(لیڈی رپورٹر) وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ پنجاب روزگار سکیم صوبے کی معاشی ترقی کو منفی سے مثبت رجحان کی طرف لے جائیگی، پنجاب روز گار سکیم کو کسی ایک کاروبار یا طبقہ کے ساتھ مخصوص نہیں کیا گیا سکیم کے تحت پنجاب کے تمام اضلاع میں نہ صرف شہروں بلکہ دیہاتوں میں بھی ہر اس شخص کو اپنی دلچسپی کے مطابق کاروبار کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے جو اب تک صرف وسائل میں کمی کی وجہ سے روزگار سے محروم ہے۔پنجاب روزگار سکیم ماضی کی سکیموں کی طرح قرض برائے قرض سکیم نہیں، سکیم میں بنک فعال کردار ادا کریں گے اور مستفید ہونے والے افراد کو کاروبار کے آغاز کے لیے موثر رہنمائی بھی مہیا کی جائے گی۔ کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 43ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا کہ پبلک سیکٹر بنکوں کے قیام کا مقصد عوامی بہبود ہے مستقبل میں بنکوں کے اسی کردار کو فروغ دیا جائے گا۔ اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے 16سے زائد سفارشات زیر بحث لائیں گئیں جن میں جنوبی پنجاب سول سیکرٹریٹ میں نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کے لیے لاہور سول سیکرٹریٹ کی طرز پر ایگزیکٹو الاؤنس کی منظوری، ایمرجنسی سروسز اکیڈیمی میں پرنسپل کی بھرتی، محکمہ جیل خانہ جات میں واچ اینڈ وارڈ اور میڈیکل سٹاف کی بھرتیوں پر پابندی کے خاتمے، پنجاب ہارٹیکلچر ایجنسی سیالکوٹ اور لاہور میں اربن فارسٹ میواکی (Miyawaki)کے آغاز کے لیے خصوصی گرانٹ کی منظوری، قائد اعظم سولر پارک لمیٹیڈ میں خالی نشستوں پر بھرتیوں اور محکمہ سوشل ویلفیئر کے تحت اداروں کی بحالی کے لیے فنڈزکی منظوری شامل تھیں جنھیں اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا۔وزیر خزانہ پنجاب نے ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے تحت اشتہارمہموں کی بحالی اور وسائل میں اضافے کے لیے ماحول دوست بزنس ماڈل متعارف کروانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے محکمہ ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ سیکرٹری قانون اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کے ساتھ مشاورت کے بعد ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے دائرہ کار اور مقاصد کو واضح کریں۔ صوبائی وزیر نے لاہور ہارٹیکلچر ایجنسی کو گرین بیلٹس کو سیراب کرنے کے لیے نہری پانی کے استعمال اور مختلف مقاصد کے لیے استعمال شدہ پانی کی گرین بیلٹس کے لیے موزونیت کے ٹیسٹ کروانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں ذہنی صحت کے شفا خانوں کی حالت زار کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ اس ضمن میں پنجاب میٹل ہیلتھ انسٹیٹیوٹ کی کارکردگی میں بہتری ہسپتال کی تجدید کاری کے لیے سکیم کی بھی منظور ی دی گئی۔
مخدوم جواں بخت