آئی اے ایم سی کے اجراء سے اشتہارات دینے والے سرکاری محکموں کو آسانی ہوگی 

آئی اے ایم سی کے اجراء سے اشتہارات دینے والے سرکاری محکموں کو آسانی ہوگی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا نے سرکاری اشتہارات کے نظام کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اشتہارات کی آن لائن وصولی، پراسسنگ اور اجراء کا کمپیوٹرائزڈ انٹگریٹیڈ ایڈورٹائزمنٹ منیجمنٹ سسٹم(Integrated Advertisement Management System-IAMS)تیار کر لیا ہے۔ جس پر آئندہ پیر کے دن سے آزمائشی بنیادوں پر عمل درآمد شروع کر دیا جائیگا۔ آئی اے ایم ایس کے اجراء سے جہاں اشتہارات دینے والے سرکاری محکموں کو آسانی ہو گی وہاں اخبارات اور ذرائع ابلاغ کو سرکاری اشتہارات کی بر وقت ترسیل اور ان کا فوری شائع ہونا بھی ممکن ہو جائے گا جبکہ یہ موجودہ حکومت اور وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق ای گورننس اور شفافیت کی منزل کی طرف ایک اہم قدم بھی ثابت ہو گا۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سرکاری اشتہارات کے اجراء کا یہ ویب بیسڈ سافٹ ویئر نظام، محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا کے آئی ٹی سیکشن نے مکمل طور پر اپنی مہارت اور وسائل سے بنایا ہے اور اس پر سرکاری خزانے سے کوئی اضافی اخراجات نہیں کئے گئے۔آئی اے ایم ایس سے اشتہارات کے اجراء سے لیکر بعد ازاں بلنگ اور پیمنٹ تک تمام امور آن لائن مکمل ہوں گے جس سے حکومت کو مالی فوائد کے ساتھ ساتھ وقت کی بچت اور عوام کو سرکاری اشتہارات تک بہتر رسائی میں مدد ملے گی اور اشتہارات کا تمام ریکارڈ ایک خود کار طریقے و عمل سے کمپیوٹرائزڈ شکل میں محفوظ ہو گا۔ آئی اے ایم ایس کا ایک اہم جز یہ ہو گا کہ کلائنٹ ڈیپارٹمنٹس اور اخبارات کو اس نظام تک محدود رسائی دی جائے گی جس و ہ اپنے اشتہارات بروقت ارسال اور وصول کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے اشتہارات اور بلنگ وغیرہ سے آگاہی بھی حاصل کر سکیں گے۔ محکمہ اطلاعات کے ذرائع کے مطابق آزمائشی پراسیس کی کامیابی کے بعد اس نظام کے اجراء کا باقاعدہ افتتاح عنقریب کیا جائے گا۔