وائٹ کالر کرائمز کے میگا کرپشن کیس نمٹانے کیلئے پر عزم ہیں: چیئر مین نیب
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب وائٹ کالر کرائمز کے میگا کرپشن کیسز کو نمٹانے کے لئے پرعزم ہے، پراسیکیوشن ڈویژن کو فعال بنایا گیا ہے، تجربہ کار لیگل کنسلٹنٹ،خصوصی پراسیکیوٹرز تعینات کئے ہیں،نیب نے غیر قانونی ہاؤسنگ،کو آپریٹو سوسائٹیز سے لوٹے گئے اربوں روپے وصول کر کے قانون کے مطابق متاثرین کو واپس کئے ہیں۔ نیب ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب میگا کرپشن وائٹ کالر کرائمز کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہے جو کہ چیلنجنگ ٹاسک ہے تاہم نیب بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے پرعزم ہے۔ نیب نے سینئر سپروائزری افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے اس سے کارکردگی اور معیار میں بہتری آئی ہے۔ نیب نے معیاری اور مقداری تناظر میں کارکردگی کے جائزے کے لئے نیب ہیڈ کواٹرز اور تمام علاقائی بیوروز میں مانیٹرنگ اینڈ اویویلیوایشن کا نظام وضع کیا ہے جو کہ علاقائی بیوروز سمیت نیب کے تمام ڈویژنز کی کارکردگی میں اضافے کے لئے اہم ثابت ہوا ہے۔ نیب شفافیت، پیشہ واریت پر مبنی کام کے لئے پرعزم ہے۔ نیب سارک ممالک کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔پاکستان سارک اینٹی کرپشن فورم کا پہلا چیئرمین ہے جو کہ نیب کی کوششوں سے بڑی کامیابی ہے۔
جاوید اقبال