پولیس کے روایتی کلچر میں تبدیلی لانے کی کوشش کرینگے‘ ایڈیشنل آئی جی 

پولیس کے روایتی کلچر میں تبدیلی لانے کی کوشش کرینگے‘ ایڈیشنل آئی جی 

  

 ملتان (خصو صی رپورٹر) ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ر ظفر اقبال نے کہا ہے کہ پرامن معاشرے کے قیام کیلئے سول سوسائٹی کا پولیس پر اعتماد بحال کرنا ناگزیر ہے۔ پولیس فورس اپنی جانوں کی قربانیاں دیکر جرائم پیشہ عناصر کیخلاف جنگ لڑرہی ہے اور ان قربانیوں کو ہر سطح پر تسلیم کرنے کی ضرورت ہے یہ صرف اس صورت ممکن ہے جب  پولیس مظلوم کو میرٹ پر انصاف فراہم کرکے ظالم کا احتساب کرے۔انہوں نے کہاکہ روایتی پولیسنگ کے کلچر کو دفن کرنے کیلئے پولیس فورس کے ہر فرد کو اپنے رویے میں مثبت تبدیلی لاکر میرٹ کو یقینی بنانا ہوگا بصورت (بقیہ نمبر50صفحہ 7پر)

دیگر سخت احتسابی عمل شروع کیا جائے گاان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی تعیناتی کے بعد پہلی مرتبہ ریجنل پولیس آفس کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان نے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل کیپٹن ر ظفر اقبال کا استقبال کیا۔اس موقع پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ظفر اقبال کو آر پی او آفس پہچنے پر شاندار سلامی دی۔تقریب میں سی پی او حسن رضا خان،ڈی پی او لودھراں سید کرار حسین،ڈی پی او وہاڑی احسان اللہ چوہان،ڈی پی او خانیوال محمد علی وسیم اور ایس ایس پی آر آئی بی محمد معصوم بھی موجود تھے۔قبل ازیں  ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ظفر اقبال نے آر پی او وسیم احمد خان کے ہمراہ آر پی او آفس کے لان میں  پودا بھی لگایا ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب ظفر اقبال نے اس موقع پر پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں عوام کو انصاف دلانے کیلئے پولیس اصلاحات کے ذریعے روایتی سسٹم میں تبدیلی لانے کی کوشش کرینگے کیونکہ قانون کی حکمرانی اور مظلوم کی دادرسی پولیس کا نصب العین ہے۔کیپٹن ر ظفر اقبال نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف طبل جنگ بجا دیا ہے تمام ضلعی پولیس سربراہان اپنے اضلاع میں بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کریں اور عوام کے جان و مال کیلئے خطرہ بننے والے سماج دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں۔کیپٹن ر ظفر اقبال نے کہا کہ ظلم کا شکار ہر شہری رب کریم کی ذات کے بعد پولیس کی جانب انصاف کیلئے دیکھتا ہے اس ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ہر پولیس افسر میرٹ پر انصاف فراہم کرکے دین و دنیا میں سرخرو ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپنی تعیناتی کے دوران کسی بھی صورت کرپشن اور فرائض میں غفلت کے مرتکب اہکار و افسر کو کوئی رعایت نہیں دونگا عوام کی براہ راست درخواستوں کی شنوائی کیلئے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب آفس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔جنوبی پنجاب کے تمام پولیس کمانڈرز کو ہدایت کی ہے کہ زیر التواء مقدمات کی موثر پیروی کرکے سماج دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ظفر اقبال کا مزید کہنا تھا کہ بہاولپور،ڈی جی خان ریجن کا دورہ کرکے پولیس جوانوں کے مسائل خود سنوں گا اور انکی فلاح و بہبود کا خیال رکھا جائے گا۔اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر وسیم احمد خان کی جانب سے امن و امان پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔آر پی او نے کہاکہ ریجن میں منشیات فروشوں اور اشتہاریوں کے خلاف خصوصی مھم چلائی جارہی ہے ملتان ریجن میں امن و امان کی مثالی صورت حال ہے۔وسیم احمد خان نے کہا کہ ملتان،وہاڑی،لودھراں اور خانیوال میں بڑے گینگز اور اشتہاریوں پر ہاتھ ڈالا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب پولیس آفس کے قیام سے عوامی مسائل انکی دہلیز پر حل ہونگے اور پولیس سٹرکچر کی بہتری میں بھی مدد ملے گی۔بعد ازاں ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب ظفر اقبال نے ریجنل پولیس آفیسر وسیم احمد خان کے ہمراہ آر پی او آفس کی مخلتف برانچوں کا دورہ بھی کیا اور بریفننگ لی۔

ایڈیشنل آئی جی

مزید :

ملتان صفحہ آخر -