زمبابوے کیخلاف سیریز اور دورہ نیوزی لینڈ کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کب متوقع ہے اور کن کھلاڑیوں کو موقع مل سکتا ہے؟ تفصیلات منظرعام پر آ گئیں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کی زمبابوے کیخلاف سیریز اور دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ممکنہ سکواڈ کا اعلان رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے جبکہ اس سے قبل ہی قومی ٹی 20 کپ میں اب تک بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان کرکٹرز عبداللہ شفیق، ذیشان اشرف اور ذیشان ملک سلیکٹرز کے ریڈار پر آ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دونوں ممالک کیخلاف سیریز کیلئے ایک ساتھ ہی کھلاڑیوں کا اعلان کرنے کی تجویز ہے تاکہ کورونا پروٹوکولز کو یقینی بنانے کے ساتھ نیوزی لینڈ روانگی کیلئے سفری دستاویزات کی بروقت تکمیل میں آسانی ہو۔ قومی ٹی 20 کپ کے دوران ملتان میں موجود ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے دونوں سیریز کیلئے ممکنہ کھلاڑیوں کی فہرست پر ساتھیوں سے تبادلہ خیال کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نوجوان کرکٹرز عبداللہ شفیق، ذیشان اشرف اور ذیشان ملک کو 36 رکنی دستے کا حصہ بنانے پر اتفاق پایا جاتا ہے، تینوں نے اب تک قومی ایونٹ میں بہتر کارکردگی سے سب کے دل جیتے ہیں، اس سے پہلے ڈومیسٹک سیزن میں بھی ان کا ریکارڈ خاصا متاثر کن رہا، زمبابوے کے خلاف سیریز میں سینئرز کی جگہ چند نئے چہروں کو آزمانے کا عندیہ مصباح الحق پہلے ہی دے چکے ہیں۔
دورہ انگلینڈ میں نظر انداز ہونے والے لیگ سپنر عثمان قادر کی بھی واپسی ہوگی جبکہ دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ٹیسٹ سکواڈ میں کسی بڑی تبدیلی کا امکان دکھائی نہیں دے رہا اور انگلینڈ سے سیریز کیلئے منتخب بیشتر کرکٹرز ہی سکواڈ میں شامل ہوں گے، سینئر ٹیم کو کیویز سے دو ٹیسٹ اور تین ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلنا ہے، پاکستان اے کے 2چار روزہ اور 6 ٹی 20 مقابلے بھی شیڈول ہیں جس کیلئے بھی کھلاڑیوں کے ناموں پرغور کیا جا رہا ہے۔