قومی ٹی 20 کپ، خیبرپختونخواہ سکینڈ الیون نے سدرن پنجاب کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی

قومی ٹی 20 کپ، خیبرپختونخواہ سکینڈ الیون نے سدرن پنجاب کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی
قومی ٹی 20 کپ، خیبرپختونخواہ سکینڈ الیون نے سدرن پنجاب کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی
سورس: Twitter

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نیشنل ٹی 20 کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے پانچویں میچ میں خیبرپختونخواہ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سدرن پنجاب کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی۔ 

تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخواہ نے ٹاس جیت کر سدرن پنجاب کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔ سلمان علی آغاز 88 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے اور ان کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکا۔ طیب طاہر 4، مختار احمد 6، زین عباس 5، نوید یاسین 2، محمد محسن 6، محمد عمران 5، مقبول احمد 9 اور محمد عرفان 6 رنز بنا سکے۔ 

خیبرپختونخواہ کی جانب سے محمد سرور آفریدی سب سے کامیاب باﺅلر ثابت ہوئے جنہوں نے 3 اوورز میں صرف 10 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ثمین گل، محمد عمران، خالد عثمان اور اسد آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 

خیبرپختونخواہ کے اوپنرز اسرار اللہ اور مصدق احمد نے ہدف کے تعاقب میں انتہائی عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں ہی مقررہ ہدف حاصل کر کے ٹیم کو 10 وکٹوں سے کامیابی دلا دی۔ اسرار اللہ نے 48 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے جبکہ مصدق احمد نے 51 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 62 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ 

مزید :

کھیل -