’خواجہ سعد رفیق کے خلاف کوئی انکوائری بند نہیں کی گئی‘ نیب نے لیگی رہنما کی چند گھنٹوں کی خوشیاں خاک میں ملادیں
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے خلاف انکوائری بند نہیں کی گئی۔
نیب ترجمان کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ خواجہ سعد رفیق کے خلاف کوئی انکوائری بند نہیں کی گئی، ریلوے زمین کے لیز کی انکوائری بند کرنے کی خبریں درست نہیں ہیں، میڈیا قیاس آرائیوں سے اجتناب کرے۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے بعض ٹی وی چینلز نے نیب ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ خواجہ سعد رفیق کے خلاف ریلوے کی زمین لیز پر دینے کی انکوائری بند کردی گئی ہے۔ نیب ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ خواجہ سعد رفیق کے خلاف والٹن روڈ لاہور اور یو ای ٹی پر اراضی غیر قانونی طریقے سے 33 سالہ لیز پر دینے کا الزام تھا ، تاہم انہوں نے یہ زمین سب سے زیادہ بولی لگانے والے کو لیز پر دی اس لیے ان کے خلاف انکوائری بند ہوئی ہے۔