دنیا کو ہنسانے والا رلا گیا،کامیڈین کنگ عمر شریف جرمنی مین انتقال کر گئے

دنیا کو ہنسانے والا رلا گیا،کامیڈین کنگ عمر شریف جرمنی مین انتقال کر گئے

  

برلن،کراچی، اسلام آباد،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک، سٹاف رپورٹرز، فلم رپورٹر) ایشین کامیڈین لیجنڈاور دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنیوالے سٹیج کے بے تاج بادشاہ عمر شریف انتقال کرگئے،وہ علاج کیلئے امریکہ روانہ ہوئے تھے،تاہم راستے میں طبیعت خراب ہونے پرانہیں جرمنی کے ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ایشئین کامیڈین لیجنڈ اور دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کرنیوالے پاکستانی فنکار عمر شر یف اپنے کروڑوں مداحوں کو اداس چھوڑ کر جہان فانی سے کوچ کرگئے۔ پاکستانی مزاحیہ تھیٹر کی دنیا پر راج کرنیوالے فنکار عمر شریف کی عمر 66 برس تھی اور وہ عارضہ قلب سمیت کئی بیماریوں میں مبتلا تھے۔ لیجنڈری اداکار عمر شریف 19 اپریل 1955ء میں کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پیدا ہو ئے، 1947 میں 14 سال کی عمر میں فن کی دنیا میں قدم رکھا۔ اْن کا اصل نام تو محمد عمر ہے مگر میڈیا میں آنے کے بعد انہوں نے اپنا نام عمر شریف رکھ لیا۔وہ پاکستان کے مشہور تھیٹر، سٹیج، فلم اور ٹی وی کے اداکار رہے۔ بڈھا گھر پر ہے، ہم سب ایک ہیں، بکرا قسطوں پر، چاند برائے فروخت، مجھے بیویوں سے بچاؤ، اکبر اعظم اور اس جیسے بہت سے کامیڈی شو سے وہ شہرت کی دنیا میں بلندیوں کو چھو گئے۔ کسی نے لیجنڈ سپر اسٹار کا نام دیا تو کسی نے کامیڈی کنگ کہا، اپنے نرالے منفرد انداز سے دنیا بھرمیں اپنا لوہا منوا کر زندگی بھر داد سمیٹتے رہے۔عمر شریف اپنی طرز کے واحد اداکار ہے جنہیں آڈیو کیسٹ کے ذریعے ملک گیر مقبولیت ملی اور ان کی مقبولیت پاکستان سے نکل کر سات سمندر پار تک پھیل گئی۔ جرمنی کے نیورمبرگ ساؤتھ ہسپتال نے عمر شریف کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ہسپتال کے ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے اجرا کے بعد نیورمبرگ بلدیہ نے بھی سرٹیفکیٹ جاری کرنا ہے اور عمر شریف کی میت کی پاکستان روانگی کیلئے کلیئرنس پیر کو ملے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتہ اور اتوار کو سرکاری چھٹی کی وجہ سے بلدیہ سے سرٹیفکیٹ جاری نہیں ہو سکتا، جرمن قوانین کے مطابق سرکاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری ہونے تک میت منتقل نہیں کی جا سکتی، لہٰذا پیر کو بلدیاتی دفاتر کھلنے کے بعد سرٹیفکیٹ کا اجرا ہوسکے گا۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ عمر شریف کی میت پاکستان لانے کیلئے کمرشل پرواز یا پھر ائیر ایمبولنس استعمال ہوگی۔ دریں اثناء معروف اداکار عمر شریف کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر اعلیٰ عسکری قیادت نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت کی دعا کی اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا،اپنے تعزیتی پیغامات میں انکا کہنا تھا کہ اداکار عمر شریف بے شمار صلاحیتوں کے مالک تھے اور فنون لطیفہ کے شعبے میں ایک منفرد مقام رکھتے تھے، فن کے شعبے میں انکی خدمات کو تادیر یاد رکھا جائے گا۔پاکستان کے معروف کامیڈی اداکار عمر شریف کے انتقال پر ملکی سیاسی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا ہے، وفاقی وزیر اطلاعات تعزیتی پیغام میں کہا عمربھر لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ کا تحفہ سجانے والے عمر شریف جنت کو عازم سفر ہوئے۔ قوم نے اپنے فنکار کو بہترین خراج تحسین پیش کیااور ثابت کیا ہم فن اور فنکاروں سے محبت کرنیوالی قوم ہیں۔عمر شریف کا نام پاکستان کے فنون لطیفہ کے انسائکلوپیڈیا میں ہمیشہ سنہرے حروف سے لکھا جائیگا۔صدرپاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف نے ٹویٹر پر لکھا سب کو ہنسانے والا آج سب کو رْلا گیا، عمر شریف دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان اور باکمال فنکار تھے اور ان کی کمی کبھی پوری نہیں ہوسکتی۔ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ان کے لواحقین اور چاہنے والوں کو صبر دے۔ آمین۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ٹویٹر پر لکھا سب کے لبوں پر مسکراہٹ لانے کی خدا داد صلاحیت رکھنے والے عمر شریف اپنے انتقال سے سب کو رنجیدہ کر گئے۔ اللہ جنت نصیب کرے۔ پاکستان میں تعینات جرمنی کے سفیر بین ہرڈ نے اداکار عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا اور ٹویٹر پر لکھا کہ عظیم مزاح نگار عمرشریف کے اچانک انتقال کی خبر سن کر صدمہ ہوا، ان کا انتقال پاکستان اور انٹرٹینمینٹ انڈسٹری کیلئے افسوسناک نقصان ہے، میں عمر شریف کے اہل خانہ، دوستوں اور مداحوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔چودھری برادران نے اداکار عمر شریف کے انتقال پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان سمیت دنیا بھر کے کامیڈی کو چاہنے والے آج اچھے فنکار سے محروم ہو گئے۔سابق وزیراعظم چودھری شجاعت، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر دلی دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا عمر شریف پاکستان کے ایسے فنکار تھے جنہیں پوری دنیا جانتی تھی، غمزدہ چہروں پر مسکراہٹ کے پھول بکھیرنے والا عمر شریف دنیا سے رخصت ہو گیا،مرحوم فنکار برادری کا درد رکھنے والے انسان تھے،ہم آج اچھے فنکار سے محروم ہو گئے ہیں، چودھری پرویز الٰہی نے بطور وزیر اعلیٰ گلبرگ میں ان کے نام پر عمر شریف روڈ بھی منسوب کیا تھا، ان کا خلا پْر نہیں کیا جا سکتا۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ٹویٹر پر لکھا کہ لوگوں کے چہروں پر خوشیاں بکھیرنے والا آج سب کو اداس کر گیا۔ عمر شریف پاکستانی سٹیج، فلم اور ٹی وی کا بڑا نام تھا۔ میری ان سے کئی ملاقاتیں رہیں اور وہ ایک اچھا فنکار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین انسان بھی تھے۔ دعا ہے اللہ عمر شریف کو جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے۔دوسری طرف کامیڈی کنگ عمر شریف کے انتقال پر ملک بھرکے فنکاروں نے بھی انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمر شریف بین الاقوامی سطح پر پاکستان اور فنکار برادر ی پہچان، انتہائی پیارے انسان تھے،ان جیسا دوسرا کوئی اداکار نہیں ہوسکتا،رب تعالیٰ مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے، ان کی فن اور فنکاربرادری کیلئے خدمات کو تادیر یاد رکھا جائیگا۔ بھارت کی فنکار برادری کی جانب سے بھی عمر شریف کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔بھارتی گلوکار دلیر مہندی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا آج بہت دکھ کا دن ہے، ابھی پتہ چلا کہ عمر شریف ہم میں نہیں رہے، عمران خان کا مشکور ہوں کہ انہوں نے عمر شریف کی امریکہ منتقلی کی کوششیں کیں۔ عمر شریف ایک کمال کے اداکار تھے، عام زندگی میں بھی لوگوں کو بہت ہنساتے تھے، ان سے جب بھی ملاقات ہوئی وہ ہنسائے بغیر رہ نہیں سکتے تھے، عمر شریف جیسے عظیم لوگ کم ہی پیدا ہوتے ہیں، ہمیں عمر شریف کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ پاکستانی کرکٹرز نے بھی معروف ہم وطن کامیڈین کنگ عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہارکیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ چیئر مین رمیز راجہ نے ٹویٹر پر لکھا عمر شریف کو کھونے کا بہت دکھ ہے، وہ بہترین کامیڈین میں سے ایک تھے، ان کی عقل اور مزاح افسانوی تھا، ہم مایوسیوں سے بھری اس دنیا میں عمر شریف کو اور زیادہ یاد کریں گے۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی اپنے ٹویٹ میں لکھا لوگوں کو ہنسانا دنیا کا مشکل ترین کام ہے لیکن عمر شریف نے یہ کام خوب مہارت سے کیا۔ میں نے ہمیشہ ان کی کامیڈی انجوائے کی۔ ان کے پاس بے پناہ ہنر تھا، وہ بولتے تو کوئی ان کو میچ نہ کر پاتا۔ سب کو ہنسانے والا، سب کو رلا گیا۔ ہم سب ان کے جدا ہونے پر غمگین ہیں۔ اللہ مغفرت کرے،آمین۔ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور دیگر کھلاڑیوں نے بھی عمر شریف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

عمر شریف 

مزید :

صفحہ اول -