یکساں نصاب کی آڑ میں سیکولر ازم کو فروغ دیا جارہا ہے، محمد حسین محنتی 

 یکساں نصاب کی آڑ میں سیکولر ازم کو فروغ دیا جارہا ہے، محمد حسین محنتی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکومت تعلیم کے فروغ اور تعلیمی اداروں کے حالات کی بہتری کیلئے بجٹ سمیت طلبہ کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے۔ یکساں نصاب کی آڑ میں سیکولر ازم کو فروغ دیکر ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کیا جارہا ہے۔ تنظیم اساتذہ ملک میں اساتذہ کی تربیت اور بچوں کی زہن سازی کیلئے اچھا کام کر رہی ہے۔ تاہم تعلیم کے معیار بلند کرنے اساتذہ کی تربیت اور مستقبل کے معماروں کو ایک”اچھا مسلمان“ ذمہ دار شہری اور دیانتدار قائد بنانے کیلئے مزید کوششوں کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں تنظیم اساتذہ پاکستان کے صدر صاحبزادہ محمد صادق جان کی قیادت میں ملاقات کرنے والے اساتذہ کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔تاپ کے مرکزی صدر نے امیرصوبہ کو سندھ میں تنظیمی مصروفیات، تنظیم اساتذہ پاکستان کی ملک بھر میں پیش رفت سے آگاہ اور یکساں نصاب سمیت تعلیمی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔ صوبائی امیر نے مہمانوں کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا۔ اس موقع پر تاپ کے مرکزی ناظم مالیات مصباح الاسلام عابد،خیبرپختونخواہ کے صدر ہدایت اللہ، سیف الاسلام جبکہ صوبائی نائب امیرعبدالغفار عمر اورسیکرٹری اطلاعات مجاہدچنا بھی ساتھ موجود تھے۔ صوبائی امیرنے مزید کہا کی سندھ سمیت ملک میں تعلیمی صورتحال تشویش ناک ہے۔ کورونا وباء کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند اور تعلیم کا بڑا نقصان ہوا ہے اب اس کے ازالہ کی ضرورت ہے۔ حکومت تعلیم کے فروغ کیلئے سنجیدہ اقدامات اور اساتذہ سمیت دیگر اسٹاف کی میرٹ پر بھرتی کو یقینی بنائے۔