لودھراں،ترقیاتی منصوبوں پرپیش رفت کاجائزہ،افسروں کوٹاسک

لودھراں،ترقیاتی منصوبوں پرپیش رفت کاجائزہ،افسروں کوٹاسک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لودھراں (نما ئند ہ پاکستان)کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ ترقیاتی منصوبوں بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔(بقیہ نمبر55صفحہ7پر)
 اجلاس میں کمشنر ملتان ڈویژن کو ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت بارے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمران قریشی، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ملتان وقاص خاکوانی، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو ملتان خالد ستی،  ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اوزبا عظیم، اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر اشرف صالح، متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور سرکاری محکموں کے ضلعی سربراہان موجود تھے۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عمران قریشی نے لودھراں کی ضلعی پروفائل بارے مکمل بریفنگ دی۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انسداد ڈینگی، انسداد کورونا، کورونا ایس او پیز، کورونا ویکسی نیشن کی صورت حال، پرائس کنٹرول، میونسپل سروسز سے متعلق اٹھائے جانے والے اقدامات بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ازوبا عظیم نے محکمہ مال کی کارکردگی اور سرکاری واجبات کی وصولی بارے تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ناجائز قابضین کے خلاف آپریشن میں 14 سو ایکڑ سے زائد سرکاری اراضی وا گزار کروائی گئی ہے انہوں نے بتایا کہ کنڈونیشن فیس کی مد میں 8 کروڑ سے زائد کی ریکوری کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری اراضی لیزنگ کی مد میں 2 کروڑ 40 لاکھ کی ریکوری کی گئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ ریونیو کے افسران کی عدالتوں میں 722 ریونیو سے متعلقہ مقدمات زیر سماعت ہیں جن میں 146 مقدمات مختلف اداروں سے متعلقہ ہیں۔  اجلاس کو بتایا گیا کہ کھیوٹ کے 97 فیصد اور انتقالات کے 92 فیصد مسائل کو حل کیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ مواضعات کی کمپیوٹرائزیشن کے عمل میں 439 مواضعات میں سے ضلع بھر کے 425 مواضعات کو آن لائن کر دیا گیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ زرعی انکم ٹیکس ایف بی آر کی مد میں 69 لاکھ روپے کی ریکوری کی گئی ہے جبکہ موجود زرعی انکم ٹیکس کی 100 فیصد ریکوری کی گئی ہے۔اسی طرح آبیانہ کی مد میں 60 لاکھ روپے ریکوری کی گئی ہے۔ لینڈ ریونیو کے حوالے سے انتقالات فیس اور کاپینگ فیس کی مد میں 8 کروڑ 89 لاکھ کی ریکوری کی گئی ہے۔ سٹامپ ڈیوٹی کی مد میں ماہ ستمبر میں 97 فیصد ریکوری کی گئی ہے۔ اجلاس میں سالانہ ترقیاتی پراجیکٹس 2021-22 کے تحت ترقیاتی منصوبوں، پہلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں اور نئے شروع کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں  محکمہ سپورٹس کی 3 اسکیموں،  محکمہ روڈز کی 3 اسکیموں،  محکمہ پبلک بلڈنگ کی ایک ترقیاتی اسکیم اور  محکمہ لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کی ترقیاتی اسکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ضلع لودھراں کے ترقیاتی منصوبوں میں کہروڑ پکا سپورٹس اسٹیڈیم، دنیا پور سپورٹس اسٹیڈیم، تحصیل سپورٹس کمپلیکس کہروڑ پکا، ڈیولائزیشن خانیوال لودھراں روڈ، دھنوٹ بائی پاس روڈ، لودھراں جلال پور پیر والا روڈ، دنیا پور میلسی کیراں والا سے صدر پور جھنڈیر وایا چوکی صوبے خاں اور منجھا کوٹلا روڈ، ڈیولائیزیشن کہروڑ پکا میلسی وہاڑی روڈ فیز ٹو، ویٹرنری سروسز کی استعداد کار میں اضافہ کے لیے 52 ویٹرنری ڈسپنسریوں کی زیر تعمیر سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کیلئے دفاتر کے دروازے کھلے رکھیں اور سائلین سے خندہ پیشانی، نرم روی سے پیش آئیں۔انہوں نے کہا کہ افسران کو سائلین کے ساتھ سخت رویہ ہرگززیب نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ دفاتر میں اپنے مسائل لے کر آنے والے سائلین کے کام ترجیحی بنیادوں پر قانون کے مطابق کیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سائلین کی درخواستوں کو سرخ فیتہ کی نظر ہونے سے بچایا جائے اور التوا میں نہ رکھا جائے۔ کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ تمام محکمے باہمی روابط سے عوامی خدمات انجام دیں۔ کمشنر ملتان نے افسران کو عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر عوام کی فلاح و بہبود کے لیے خدمات سرانجام دینے کی ہدایت کی۔ کمشنر ملتان ڈویژن نے اپنے دورہ کے دوران ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال لودھراں کا بھی خصوصی معائنہ کیا۔ انہوں نے ڈائلاسسز وارڈ، انتہائی نگہداشت وارڈ، آٹ ڈور میں صفائی ستھرائی ادویات کی فراہمی، ڈاکٹرز کی موجودگی کا بھی جائزہ لیا۔انہوں نے اپنے دورہ کے دوران ہسپتال میں آئے مریضوں اور ان کے لواحقین سے علاج معالجہ کی دستیاب سہولیات بارے استفسار بھی کیا۔کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر ہسپتال لودھراں کے معائنے کے دوران شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے کہا طبی سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جائے گی اور اس حوالے سے خامیوں کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے میڈیکل سپرٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال لودھراں کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے عملہ کی خصوصی تربیت کی جائے تاکہ وہ علاج کی غرض سے آنے والے مریضوں سے نرم روی سے پیش آئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے ڈاکٹرز اور عملہ کو خصوصی ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ مریضوں اور ان کے لواحقین سے نرم رویہ اختیار کریں۔بعدازاں انہوں نے چک 100 ایم میں قائم اربن فاریسٹ کا بھی دورہ کیا اور پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔
شجرکاری