حکومت 37 لاکھ گھرانوں کو 14 سو ارب روپے کے قرضے دے گی: وزیرخزانہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت 14 سو ارب روپے کے قرضے 37لاکھ گھرانوں کو دیے جائیں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے افتتاح کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، اس پروگرام کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان 4 اکتوبر 2021 کو کریں گے۔ کامیاب پاکستان اپنی نوعیت کا منفرد پروگرام ہے۔ یہ پروگرام ملک میں غربت کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرے گا، یہ غریب اور کمزور طبقات کے حوالے سے ریاست کے احساس ذمہ داری کی عملی تعبیر ہے۔ یقیناً پاکستان میں اپنی طرز کا یہ پہلا پروگرام ہے، جسے معاشرے کے محروم طبقات کی زندگیاں بدلنے اور انہیں مالی لحاظ سے بااختیار بنانے کے لئے تشکیل دیا گیا ہے، اس کے تحت مائیکروفنانس اداروں کے ذریعے بینکوں اور کم آمدنی والے طبقات کو آپس میں جوڑا جائے گا۔
انکا کہنا تھا کہ کامیاب پاکستان پروگرام کے پانچ اجزا ہیں۔ کامیاب کسان کے ذریعے کسانوں کو بلا سود قرضے دئیے جائیں گے، کامیاب کاروبار پروگرام کے تحت کاروبار کے لئے 5 لاکھ روپے تک بلا سود قرضے دئیے جائیں گے۔ سستا گھر اسکیم کے تحت اپنا گھر بنانے کے لئے آسان اقساط پر فنانسنگ کی سہولت حکومت پاکستان کے کامیابی سے جاری سکل بیسڈ اسکالر شپ سکیم اور صحت انصاف کارڈ کو کامیاب پاکستان پروگرام کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔