"شرجیل میمن اور علی ڈار کی کوئی حیثیت نہیں، یہ زرداری نواز کے پیسوں کے پہرے دار ہیں" پنڈورا لیکس پر فواد چوہدری بھی بول پڑے

"شرجیل میمن اور علی ڈار کی کوئی حیثیت نہیں، یہ زرداری نواز کے پیسوں کے پہرے ...
سورس: File

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ  پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن اور اسحاق ڈار کے صاحبزادے علی ڈار کی کوئی حیثیت نہیں، یہ زرداری نواز کے پیسوں کے پہرے دار ہیں۔ واضح رہے کہ شرجیل میمن اور علی ڈار کے نام بھی پنڈورا پیپرز میں شامل ہیں۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ شرجیل میمن اور اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار جو کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد بھی ہیں، کی اپنی کوئی حیثیت نہیں ہے، یہ نواز شریف اور آصف علی زرداری کے پیسوں کے پہرے دار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنڈورا لیکس سے نواز زرداری کرپشن کے مزید پرت سامنے آئے ہیں۔ قوم نے پہلے پانامہ اور اب پنڈورا میں ان کے چہروں سے نقاب اترتا دیکھا۔

خیال رہے کہ پنڈورا پیپرز میں مجموعی طور پر 200 سے زائد ممالک کی 29 ہزار سے زائد  آف شور کمپنیوں کی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ پنڈورا پیپرز میں 700 سے زائد  پاکستانیوں کے نام بھی شامل ہیں جن میں موجودہ اور سابق وزرا، سابق جرنیل، بیورو کریٹس اور کاروباری شخصیات شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ پنڈورا پیپرز میں 45 ممالک کے 130 سے زائد ارب پتی افراد کا پردہ بھی فاش کیا گیا ہے۔

آئی سی آئی جے نے دو سال کی محنت کے بعد پنڈورا پیپرز تیار کیے ہیں۔ اس سکینڈل کی تیاری میں 117 ملکوں کے 150 میڈیا اداروں سے وابستہ 600 سے زائد صحافیوں نے حصہ لیا۔  یہ انسانی تاریخ کی اب تک کی سب سے بڑی صحافتی تحقیق ہے جو ایک کروڑ 19 لاکھ خفیہ دستاویزت پر مشتمل ہے۔

صحافیوں کی اسی تنظیم نے 2016 میں پاناما پیپرز جاری کیے تھے جس میں 444 پاکستانیوں کے نام شامل تھے۔ انہی کی وجہ سے پاکستان کے اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف کو اپنے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑے تھے۔

مزید :

قومی -