ترقی کیلئے ٹیکس قوانین میں تبدیلیاں ضروری، راشد اقبال
ملتان (نیوز رپورٹر)ایوان تجارت و صنعت ملتان کے نومنتخب صدر میاں راشد اقبال نے کہا مہنگائی،بیروزگاری،روپے کی قدر میں کمی،بجلی اور گیس کے بحران (بقیہ نمبر37صفحہ6پر)
سمیت انرجی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں،سیلاب کے بعد پیدا شدہ مسائل کا سامنا ہے جس کی وجہ سے پاکستان بلخصوص جنوبی پنجاب کی کاروباری برادری کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ انڈسٹری ٹریڈ اور خاص طور پر ایس ایم ای سیکٹر کو سخت جدوجہد سے گزرنا پڑ رہا ہے اس ضمن میں ہماری ٹیم خطہ کی معاشی و سماجی ترقی کے ساتھ ساتھ کاروباری حالات کی بہتری کے لیے بھرپور کوششیں کرے گی اور ہم باہمی مشاورت اورسینیئرز ممبران کی رہنمائی حاصل کرتے ہوئے آگے بڑھیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان تجارت و صنعت ملتان کے سالانہ جنرل باڈی اجلاس سے خطاب کرتے کیا۔قبل ازیں الیکشن کمیشن کی جانب سے حتمی نتائج کا اعلان کرنے کے بعد ایوان تجارت و صنعت ملتان کے نومنتخب صدر میاں راشد اقبال،سینیئر نائب صدر ندیم احمد شیخ اورنائب صدر شیخ عاصم سعید سمیت دیگرعہدیداروں نے چارج سنبھالا۔نومنتخب صدر میاں راشد اقبال نے ممبران سے اپنے خطاب میں مزید کہا کہملک میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے پالیسوں کا تسلسل برقرار نہیں اور کاروباری برادری کو کاروبار جاری رکھنے میں دشواری کا سامنا ہے۔حالیہ سیلاب سے جہاں دیگر فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا وہاں کپاس کی فصل بھی تباہ ہو کر رہ گئی۔سیلاب کا پانی نہ اترا تو گندم کی فصل پر بھی منفی اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔۔میاں راشد اقبال نے کہا ارباب اختیار تک کاروباری برادری کی آواز پہنچائیں گے اور ایز آف ڈوئنگ بزنس کے لیے کام کریں گے۔ حکومت سے روابط بڑھائیں گے خاص طور پر ٹیکس قوانین میں تبدیلی اور کاروباری برادری کے لیے آسان ٹیکسیشن کی بھرپور کوشش کریں گے جبکہ انڈسٹریل ڈویلپمنٹ پر بھی کام کریں گے انہوں نے کہا ایوان کی سبکدوش ہونیوالی ٹیم نے خواجہ محمد حسین کی قیادت میں بہترین امور سرانجام دینے اور مناسب حکمت عملی کے ساتھ ذمہ داری نبھائی خاص طور پر سی ایس آر سرگرمیوں کو بھرپور انداز میں سرانجام دیا۔ سبکدوش ہونے والے صدر خواجہ محمد حسین نے اپنی سال بھر کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور خطاب کرتے کہا ایوان تجارت و صنعت ملتان کا عہدہ صدارت کسی چیلنج سے کم نہیں۔ایک سال کے عرصے میں کاروباری مسائل کو سمجھنا اور ان مسائل کے حل کے لیے غیرمعمولی کاوشیں کرنا خاصا مشکل عمل ہے۔ہماری ٹیم کو بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔تاہم ہماری ٹیم نے محنت اور ایمانداری سے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اور خطے کی صنعتی و معاشی اور زرعی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کئے۔ایوان تجارت وصنعت ملتان نے شاندار کامیابی اور وقار کے ساتھ 63 سال مکمل کرلیے ہیں ان سالوں میں ملتان چمبر نے حکومت سے کبھی کوئی مالی امداد نہیں لی اور ملتان چیمبر کا آج تک کا کامیاب سفر ایوان کے سینئر ممبران کے مالی تعاون سے ہی ممکن ہو سکا۔انہوں نے کہا جنوبی پنجاب کے لیے ملتان کو مرکزی حیثیت دی جائے۔برآمدکنندگان کو ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے ہرممکن مراعات دی جائیں۔بجلی گیس اور پٹرول کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے تاکہ عام آدمی کی زندگی میں سہولت ہو سکے خاص طور پر پانچ بڑی برآمدی صنعتوں پر بجلی کی قیمت کو حسب سابق 9 سنٹ پر جاری رکھا جائے۔شعبہ زراعت پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ یہ شعبہ اپنے پاں پر کھڑا ہو سکے۔انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ انرجی بحران پر قابو پانے کے لیے رینیوایبل انرجی کے لیے خصوصی اقدامات کرے۔سولر انرجی کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان زیادہ سے زیادہ لوگوں تک قرضہ جات کی ترسیل کے لیے بینکوں کی لمٹ بڑھائے۔حکومت ای کامرس کے فروغ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر سہولیات فراہم کرے اس کے ساتھ ساتھ ایس ایم ای سیکٹر کے فروغ کے لئے بھی حکومت کو سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔اس تقریب میں میاں تنویر اے شیخ،خواجہ محمد یوسف،محمد خان سدوزئی،خواجہ محمد عثمان،خواجہ محمد فاضل،خواجہ محمد یونس،سید افتخار علی شاہ،میاں عطا شفیع تنویر،مسز رومانہ تنویر شیخ،رابعہ شہزاد،عالیہ حسین،اعظم چوہدری،فہیم ستار،شیخ محمد علی امجد،شیخ امجد،شفیق پتافی،ادریس احمد شیخ،عزیز احمد شیخ،رمضان بھٹہ سیکرٹری جنرل محمد شفیق سمیت سابق صدور،سینیئرز ممبران اور جنرل باڈی کے سینکڑوں ممبران نے بھرپور شرکت کی تقریب کے اختتام پر شرکا کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔