کپتانی کے باعث اگر بابر کی بلے بازی متاثر ہو رہی ہے تو اسے بورڈ کیساتھ بات کرنی چاہئے ، جاوید میانداد

کپتانی کے باعث اگر بابر کی بلے بازی متاثر ہو رہی ہے تو اسے بورڈ کیساتھ بات ...
کپتانی کے باعث اگر بابر کی بلے بازی متاثر ہو رہی ہے تو اسے بورڈ کیساتھ بات کرنی چاہئے ، جاوید میانداد

  

کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن)  پاکستان کے سابق کپتان اور لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد نے بابر اعظم کی کپتان کو پرفارمنس کی راہ میں رکاوٹ بننے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر بابر سمجھتے ہیں کہ کپتانی کے باعث ان کی بلے بازی متاثر ہو رہی ہے تو انہیں بورڈ کیساتھ بیٹھ کر بات کرنی چاہئے ۔

نجی ٹی وی " جیو نیوز" کے مطابق اپنے حالیہ انٹرویو  میں جاوید میانداد نے کہا کہ اگر کپتانی کے بوجھ کے باعث بابر اعظم کی بلے بازی متاثر ہو رہی ہے تو اب وقت آگیا ہے کہ وہ کرکٹ بورڈ کیساتھ بات کریں ،  بابر ایک عالمی معیار کا بلے باز ہے مگر پی سی بی کو اس سے پوچھنا چاہئے کہ کہیں  کپتانی اس کی پرفارمنس پر حاوی تو نہیں ؟، اگر بابر سمجھتے ہیں کہ وہ قیادت کیساتھ اچھی بلے بازی کا مظاہرہ بھی کر سکتے ہیں تو انہیں یہ منصب سنبھالے رکھنا چاہئے  مگر بورڈ کو اس سے متعلق سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق جاوید میانداد کاکہنا تھا کہ کھلاڑیوں کیلئے یہ بات سمجھنی ضروری ہے کہ سب سے پہلے وہ اپنے ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں ، جب انہیں یہ بات سمجھ آجائے گی تو ان کی کارکردگی میں خودبخود نکھار آجائے گا، وہ چاہے بلے بازی ہو ، باؤلنگ یا پھر فیلڈنگ کا شعبہ ہو۔ 

جاوید میانداد نے تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ سب کھلاڑی ذہن نشین کر لیں کہ وہ دستیاب کھلاڑیوں میں سے بہترین ہیں اسی لئے  پلیئنگ الیون میں شامل ہیں ، اس لئے اٹھنے والے سوالات پر دھیان نہیں دینا چاہئے ۔ 

مزید :

کھیل -