بلدیاتی الیکشن کرانے کے اعلان سے ثابت ہوگیا حکومت عام انتخابات بروقت نہیں کرانا چاہتی :منور حسن

بلدیاتی الیکشن کرانے کے اعلان سے ثابت ہوگیا حکومت عام انتخابات بروقت نہیں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( پ ر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہا ہے کہ صدر زرداری نے بلدیاتی انتخابات قومی انتخابات سے قبل کرانے کااعلان کرکے ان خدشات کو صحیح ثابت کردیا ہے کہ حکمران قومی انتخابات کو بروقت کرانے کا ارادہ نہیں رکھتے اور لیت و لعل سے کام لے رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے اپنے چار ادوار حکومت میں ایک بار بھی بلدیاتی انتخابات نہیں کرائے اور اب بھی ان سے بلدیاتی انتخابات کرانے کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ حکومت میں شامل چار کا ٹولہ اپنے اقتدار کو مزید طول دے کر عوام کے دکھوں میں مزید اضافے کا سبب بنے گا اس لئے اپوزیشن کی تمام جماعتیں متحد ہوکر گرینڈ الائنس بنا کر کرپٹ حکمرانوں کے خلاف میدان میں نکلیں اور تحریک کے ذریعے موجودہ کرپٹ حکمرانوں کو متفقہ عبوری حکومت کے تحت بروقت انتخابات کرانے پر مجبور کیا جائے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلام آباد ستارہ مارکیٹ کے سامنے عید ملن پارٹی کے ہزاروں شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی اسلام آباد اور سابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم اور حلقہ این اے 49 سے قومی اسمبلی کے امیدوار زبیر فاروق خان نے بھی خطاب کیا۔ عید ملن میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ سید منور حسن نے کہا کہ قوم کے سامنے چوروں، لٹیروں اور ان کے وسائل کوہڑپ کرکے انہیں زندگی کی تمام نعمتوں سے محروم کردینے والوں کے چہرے بارہا بے نقاب ہوچکے ہیں اب وقت آگیا ہے کہ ایسے لوگوں کا ناطقہ ہمیشہ کے لئے بند کردیا جائے اور جس طرح انہوں نے عوام کو محروم و مجبور کیا ہے ان سے تمام حساب برابر کردیئے جائیں۔ سید منور حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک پر گزشتہ 65 سال سے ظلم و جبر کا نظام مسلط ہے۔ وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں نے ملک کے وسائل پر قبضہ کررکھا ہے اور قومی وسائل کے 80 فیصد سے زائد پر چند خاندانوں کا تسلط ہے جنہوں نے غریب کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ مزدور اور محنت کش دن کے بارہ بارہ گھنٹے کام کرنے کے باوجود اپنے بچوں کو پیٹ بھر کر کھانا کھلانے سے محروم ہیں۔ انہیں تعلیم اور صحت کی سہولتیں میسر ہیں نہ ان کے پاس تن ڈھانپنے کےلئے کپڑا اور سر چھپانے کیلئے چھت موجود ہے۔ ان کے حصے کےبھی وسائل پر کرپٹ مافیا قابض ہے جنہیں شکست دیئے بغیر غریب کو خوش نصیب نہیں ہوسکتی۔عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد اسلم نے کہا کہ حکمرانوں کے ظلم و ستم سے لوگوں کو عید کے دن پر بھی روتے دیکھا ہے۔ پاکستان کے حالات انتہائی دگرگوں ہیں۔ جب ملک میں اسلامی انقلاب برپا ہوگا تو ایسے ظالم و جابر لوگوں کو چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ زبیر فاروق خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ عید کے فوراً بعد حکمرانوں نے عوام پر پٹرول بم گرا کر ان سے عید پر ملنے والی خوشیوں کو غم میں بدل دیا۔

مزید :

صفحہ اول -