’اگر شادی کامیاب بنانی ہے تو بیگم کو یہ ایک راز کبھی اپنے شوہر کو نہیں بتانا چاہیے‘ سعودی عرب میں ہونے والی تحقیق میں انتہائی حیران کن انکشاف سامنے آگیا
ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں تحقیق کاروں نے خواتین کو اپنی شادی کامیاب بنانے کے لیے ایک انتہائی کارآمد مشورہ دے دیا ہے۔ سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق ماہرین نے بتایا ہے کہ ”خواتین کو کامیاب ازدواجی زندگی کے لیے اپنے شوہروں سے اپنا ماضی چھپا کر رکھنا چاہیے۔ جو خواتین اپنے شوہروں کے ساتھ بے تکلفی کی اس حد تک چلی جاتی ہیں کہ انہیں اپنے ماضی کے رومانوی تعلقات کے متعلق بھی بتا دیتی ہیں ان کی شادی ختم ہونے کے امکانات بہت زیادہ ہو جاتے ہیں۔“یہ نتائج سعودی اخبار الریاض ڈیلی کے ایک تحقیقاتی سروے میں سامنے آئے ہیں۔
سروے میں خواتین اور ماہرین سے سوالات کیے گئے اور پوچھا گیا کہ عرب دنیا میں میاں بیوی کی بے تکلفی شادی پر کس طریقے سے اثرانداز ہوتی ہے۔ایک ہاﺅس وائف مودی اے کا کہنا تھا کہ ”مردوں کا اپنی بیویوں کے ساتھ بے تکلف ہونا تو درست ہے مگر عورتوں کا شوہروں کے ساتھ بے تکلف ہونا ان کے لیے نقصان دہ ہوتا ہے۔ ہمارے معاشرے میں ایسی خواتین کو معیوب سمجھا جاتا ہے جو بے تکلفی کے ساتھ اپنے ماضی کے رومانوی تعلقات پر بے لاگ بولتی ہیں۔ اس سے ان کے شوہر حسد میں مبتلا ہو جاتے ہیں، ان میں لڑائی جھگڑے بڑھتے ہیں اور حتیٰ کہ اکثر کیسز میں طلاق تک نوبت پہنچ جاتی ہے۔ اگر کوئی عورت اپنے شوہر کو یہ بتاتی ہے کہ ماضی میں ہمارے ڈرائیور نے مجھے جنسی طور پر ہراساں کیا تھایا وہ مجھے پیار سے دیکھتا تھا یا بیوی اپنے شوہر کو بتاتی ہے کہ شادی سے پہلے کوئی مرد اس کی طرف راغب تھا، مجھے یقین ہے کہ اس عورت شوہر شک میں مبتلا ہو جائے گا اور حسد کرنے لگے گا اور اس کے انتہائی منفی نتائج برآمد ہوں گے۔“ماہر عمرانیات ڈاکٹر محمد الرائی کا کہنا تھا کہ ”اکثراوقات میاں بیوی کی بے تکلفی منفی اثرات کی حامل ہوتی ہے۔ خاص طور پر ایسی بے تکلفی جس سے دوسرے فریق کی دل آزاری ہو، وہ نفرت کے بیج بو دیتی ہے۔ بیویوں کو ایسی بے تکلفی سے گریز کرنا چاہیے اور کسی بھی صورت اپنے شوہر کو اپنے ماضی کے متعلق نہیں بتانا چاہیے، خواہ اس میں ان کی قصور ہو یا نہ ہو۔“