تربیلا ڈیم چوتھے توسیعی منصوبے کا 67فیصد کام مکمل ،4ارب یونٹس بجلی مہیا ہو گی

تربیلا ڈیم چوتھے توسیعی منصوبے کا 67فیصد کام مکمل ،4ارب یونٹس بجلی مہیا ہو گی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور‘اسلام آباد(کامرس رپورٹر‘اے پی پی) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے آج 1410میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے حامل تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کا دورہ کیا اور اس زیرتعمیر منصوبے پر تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔اس دوران چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی کام کا تفصیلی معائنہ کیا جن میں اِن ٹیک سٹرکچرایریا اور پاور ہاؤس شامل ہیں۔تربیلا ڈیم چوتھے توسیعی منصوبے کا 67 فی صد کام مکمل ہو گیا ہے، اگست2017 ء سے پیداوار شروع ہو جائے گی ۔واپڈاذرائع کے مطابق اپ گریڈیشن اور سوئچ یارڈ کام مئی 2017 ء میں مکمل ہو نے کا امکان ہے ۔منصوبے پر 92 کروڑ ڈالر لاگت آئے گی ۔تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے کے ذریعے سرنگ نمبر 4پر 1410 میگاواٹ مجموعی پیداواری صلاحیت کے تین یونٹوں کی تنصیب سے تربیلا ہائیڈرل پاور سٹیشن کی پیداواری صلاحیت 3ہزار 4سو 78میگاواٹ سے بڑھ کر 4ہزار 8سو 88 میگاواٹ ہو جائے گی۔ عالمی بنک اس پراجیکٹ کے لئے 840 ملین ڈالر مہیا کر رہاہے۔ اپنی تکمیل پر تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ نیشنل گرڈ کو 3ارب 84کروڑ یونٹس کم لاگت بجلی مہیا کرے گا۔ پراجیکٹ کے سالانہ فوائد کا تخمینہ تقریباً30ارب روپے ہے۔ پراجیکٹ تین سال میں اپنی تعمیراتی لاگت پوری کر لے گا۔،تربیلا کا چوتھا توسیعی پن بجلی منصوبہ تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر 4 پر تعمیر کیا جارہا ہے ۔ شیڈول کے مطابق پہلے یہ منصوبہ 2018 ء میں مکمل ہونا تھا لیکن وزیرِ اعظم نواز شریف کی ہدایت پر اس کام کی رفتار تیز کی گئی ہے ۔منصوبے کے تحت پاور ہاوئس میں 370 میگاواٹ کی تین ٹربائینیں نصب کی جائیں گی ۔


توسیعی منصوبے سے نہ صرف ملک میں بجلی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ نیشنل گرڈ میں کم لاگت پن بجلی شامل ہونے سے صارفین کو ریلیف بھی ملے گا۔ وزیراعظم کا عزم ہے کہ موجودہ حکومت اپنی مدت کے اختتام تک ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم کر دے گی۔ تمام جاری توانائی منصوبہ جات کم سے کم ممکنہ لاگت پر مکمل کئے جا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ ملک میں تمام توانائی منصوبوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نوازشریف نے توانائی کے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کیلئے خود کام کی رفتار کی نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، توانائی سے متعلق کابینہ کمیٹی کے اجلاسوں میں باقاعدگی سے بجلی کے منصوبوں پر کام کا جائزہ لیا جاتا ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام اور اداروں کو ضروری ہدایات جاری کی جاتی ہیں۔ تربیلا فور توسیعی منصوبہ سستی بجلی کی فراہمی کیلئے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ اس کے بعد تربیلا فائیو توسیعی منصوبے کو بھی جلد مکمل کرنے کیلئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ بجلی کی فوری ضرورت پوری کی جا سکے۔ حکومت نے بجلی کی پیداوار کے منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے کڑی نگرانی کا نظام بھی وضع کیا ہے جس کے نتیجے میں بجلی کے منصوبوں پر کام کرنے والی کمپنیوں اور اداروں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

مزید :

کامرس -