عارضی تالابوں میں لارواکھانے والی مچھلیاں ڈالنے کی ہدایت
لاہور( جنرل رپورٹر)مستقل اور موسمِ برسات میں بننے والی عارضی جھیلوں و تالابوں میں حیاتیاتی طریقہ کار کے تحت فوری طور پر ڈینگی لاروا کو کھانے والی مچھلیاں ڈالی جائیں اور نکاسی آب کے لیے تمام اقدامات کو بروئے کار لایا جائے۔ فیلڈ میں کام کرنے والی ٹیموں کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کے نظام کو مزید فعال بنایا جائے جبکہ تیسرے فریق کی جانچ پڑتال و چیکنگ ازحد ضروری ہے تاکہ کارکردگی کی غیر جانبدارانہ مانیٹرنگ سے فیلڈ ٹیمیں اور مانیٹرنگ ٹیمیں مکمل طور پر چوکس رہیں۔ پنجاب بھر کی فیکٹریوں میں کام کرنے والے مزدوروں کے لیے آگاہی مہم کے سلسلے میں سیمینارز منعقد کیے جائیں۔ ایڈمنسٹریٹر راوی ٹاؤن صفدر حسین ورک و ڈپٹی سیکرٹری محکمہ محنت و افرادی وسائل پنجاب شاکر سندھو نے ان خیالات کا اظہار راوی ٹاؤن انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں پیسی ، محکمہ تعلیم، زراعت، صحت، ماہی پروری، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، والڈ سٹی، پی ایچ اے و دیگر محکموں کے افسران و انٹمالوجسٹ اور فیلڈ ٹیموں کے انسپکٹرز نے شرکت کی۔