حامد سعید کاظمی کی سزا کے پیچھے حکومت کا ہاتھ ہے، سید مظہر سعید کاظمی
لاہور(خبر نگار خصوصی)جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی امیر صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی نے کہا ہے کہ ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہونے سے پہلے حامد سعید کاظمی کو انصاف فراہم کیا جائے۔ ملک کو انتشار سے بچانے کیلئے حامد سعید کاظمی کی بلاجواز گرفتاری پر دھرنوں کی کال نہیں دی۔ حامد سعید کاظمی کو سنائی گئی سزا کے پیچھے حکومت کا ہاتھ ہے۔ مریدوں کو سڑکوں پر نکلنے کی کال دی تو حکومت کا چلنا مشکل ہو جائے گا۔ حامد سعید کاظمی ن لیگ میں شامل ہو جاتے تو انہیں ہر گز سز ا نہ سنائی جاتی۔ 6سال کی تحقیق و تفتیش میں حامد سعید کاظمی کی بے گناہی ثابت ہوچکی ہے۔ ان خیالات کاا ظہار انہوں نے حامد سعید کاظمی رہائی کمیٹی کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت سابق وفاقی وزیر الحاج محمد حنیف طیب کررہے تھے۔سید مظہر سعید کاظمی نے مزید کہا کہ کرپشن ثابت نہ ہونے کے باوجود حامد سعید کاظمی کو سزا سنانا ناانصافی ہے۔ حامد سعید کاظمی کو سنائی گئی سزا عدالتی نہیں سیاسی ہے۔بے گناہ حامد سعید کاظمی کے ساتھ ظلم کرنے والے اللہ کی پکڑ سے بچ نہیں سکیں گے۔ عدلیہ حامد سعید کاظمی کے مقدمے کا فیصلہ مفروضوں نہیں ثبوتوں کی بنیاد پر کرے۔ حامد سعید کاظمی آزمائش میں سرخرو ہونگے اور بہت جلد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔
