آج کی ریلی حکمرانوں کے خلافریفرنڈم ہو گی،یاسر گیلانی
لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے سینئر رہنما انجینئر یاسر گیلانی نے کہا ہے کہ آج کی ریلی حکمرانوں کے خلاف عوام کا ریفرنڈم ثابت ہو گی۔ عوام کی بنیادی ضروریات حکمرانوں کی ترجیحات میں شامل نہیں۔ حکمران پلوں اور سڑکوں کی تعمیر سے مصنوعی ترقی کا ٹنڈورا پیٹ رہے ہیں۔ عوام کے حالات مزید خراب ہوئے ہیں۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمران پیسے کی ہوس اور لالچ کی اس انتہا پر پہنچ چکے ہیں کہ خود ان کی ذہنی حالت مشکوک ہے۔
منافع خوری کی ذہنی بیماری میں مبتلا یہ حکمران سارے سماج کو غرق کرنے پر تلے ہوئے ہیں لیکن تحریک انصاف حکمرانوں کو اپنی من مانیاں نہیں کرنے دے گی۔ کرپشن کے خلاف پوری عوام اُٹھ کھڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک مسائلستان بن گیا ہے مہنگائی نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے امن و امان کی صورت حال انتہائی مخدوش ہو چکی ہے انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت میں قیادت کا فقدان ہے مسلم لیگ ن کی قیادت ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی اہلیت نہیں رکھتی۔