وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ، ہوائی اڈوں پر جاری کام کی پیش رفت پر بریفنگ

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ، ہوائی اڈوں پر جاری کام کی پیش رفت پر بریفنگ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت ایوی ایشن کے امور سے متعلق اجلاس ہوا جس میں بنوں اور مانسہرہ میں ہوائی اڈوں سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ایئرپورٹس پر جاری کام کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کا نیا بین الاقوامی ایئرپورٹ پر 82فیصد کام مکمل ہوچکا ہے‘ منصوبے کو مختص مالیاتی وسائل سے مکمل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے‘ نئے اسلام آباد ایئرپورٹ کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے‘ اسلام آباد کا نیا بین الاقوامی ہوائی اڈہ 14اگست 2017کو فعال ہوجائے گا۔ ہوائی اڈے پر تمام بنیادی سہولتیں موجود ہوں گی اسلام آباد کے نئے ایئرپورٹ کو رماں ڈیم اور کسانہ ڈیم سے پانی فراہم کیا جائے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ نیا اسلام آباد ایئرپورٹ پیشہ وارانہ مہارت کا شاہکار ہوگا‘ نئے ایئرپورٹ پر تمام عالمی معیار کو برقرار رکھا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ توقع ہے کہ نیا ایئرپورٹ مسافروں اور سیاحوں کے لئے علاقائی مرکز ہوگا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مسافروں کی سہولت اور پریشانی کے خاتمے کے لئے اسلام آباد راولپنڈی میٹرو بس سروس کو نئے ایئرپورٹ سے منسلک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میں 14اگست 2017کو اسلام آباد کے نئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا افتتاح کرونگا۔ وزیراعظم نواز شریف کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو ایئرپورٹ کی توسیع کے لئے عالمی معیار کے مجوزہ ڈیزائنز پر بھی بریفنگ دی گئی ۔ مجوزہ ڈیزائن میں ہسپانوی اور مغلیہ طرز تعمیر کا رنگ دیا گیا۔ وزیراعظم نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی توسیع کے لئے مجوزہ ڈیزائن کی منظوری دیتے ہوئے جلد ایئرپورٹ کی توسیع کا کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ (ن غ)

مزید :

صفحہ اول -