،پاکستان میں امن وترقی کیلئے دہشت گردی کیخلاف جنگ جیتنا ہو گی :شہباز شریف
لاہور( اے این این) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں امن و ترقی کیلئے دہشت گردی کی جنگ جیتنے کے سوا کوئی اور آپشن نہیں، ہماری بہادر افواج نے دشمن کو شکست دینے کیلئے جرأت کی نئی تاریخ رقم کی ،آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دشمن پر کاری ضرب لگائی گئی ہے،پاکستانیوں کے امن، عزت اور خوشحال زندگی بسرکرنے کا خواب جلد پورا ہوگا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے نیشنل کاؤنٹرٹیررازم سینٹر پبی ،کھاریاں میں پنجاب ریور ر ائن پولیس فورس اور نیشنل اینٹی گریٹڈ کاؤنٹر ٹیررازم کورس کی مشترکہ گریجوایشن تقریب میں شرکت کی اور کورس کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اور پاک افواج کے جوانوں میں میڈلز تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ نے تربیت مکمل کرنے والے پنجاب پولیس کے جوانوں، پاک افواج کے افسروں اور جوانوں کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ریور رائن پولیس فورس دریائی علاقوں میں سماج دشمن و جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کیلئے بنائی گئی ہے۔ پنجاب حکومت نے 2015 میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے پنجاب ریور رائن پولیس فورس کی تیاری کے حوالے سے درخواست کی تھی اورہمیں خوشی ہے کہ ہماری درخواست کو فوری منظور کیا گیا اور پنجاب ریور رائن فورس کو تربیت دینے کے پروگرام کا آغاز کیا گیا۔ پاک افواج کے ماہر ٹرینرز نے پیشہ ورانہ انداز میں پنجاب ریور رائن پولیس فورس کو تربیت دی ہے اورآج نیشنل اینٹی گریٹڈ کاؤنٹر ٹیررازم فورس اور پنجاب ریور رائن پولیس فورس کے جذبے اور عزم کو دیکھ کر مجھے یقین ہو گیا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب یہ قوم دہشت گردوں کو شکست فاش دے گی اور ملک امن کا گہوارہ بنے گا۔ پاکستان وہ باوقار مقام ضرور حاصل کرے گا جس کا خواب قائدؒ اور اقبالؒ نے دیکھا۔ 20 کروڑ پاکستانیوں کے امن، عزت اور خوشحال زندگی بسرکرنے کا خواب بھی پورا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم سب کیلئے فخر کا لمحہ ہے کہ ایک ایسی فورس تیار کی گئی ہے جو سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم صف آرا ہے۔ پاک افواج کے افسروں و جوانوں ، رینجرز، پولیس، سیاستدانوں، سول افسروں اور معاشرے کے ہر طبقے نے اس جنگ میں عظیم قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں امن اور ترقی کیلئے اس جنگ کو جیتنے کے سوا اور کوئی آپشن نہیں۔ پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کو شکست دینے کیلئے جرأت کی نئی تاریخ رقم کی ہے اورآپریشن ضرب عضب کے ذریعے دشمن پر کاری ضرب لگائی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج دنیا بھی پاکستان کی بہادر افواج کی عظیم قربانیوں کی معترف ہے اور اغیار بھی آج پاکستان کی لازوال قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے ذریعے جو کامیابیاں اور کامرانیاں ملی ہیں اس کے اثرات پورے معاشرے پر مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب شروع کرتے وقت بھی سیاسی و عسکری قیادت یکسو تھی اور پاکستان کی حکومت اور مسلح افواج اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے بھی پوری طرح یکسو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کامیاب آپریشن کے ذریعے شاندار کامیابیاں ملیں اور وطن کے بہادر سپوتوں نے عظیم قربانیاں دی ہیں۔وطن عزیز کے جری سپوتوں نے وہ قرض بھی چکایاہے جو واجب بھی نہ تھا اور عصر حاضر کی تاریخ میں ایسی بے مثال قربانیوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ وزیراعلیٰ نے قانون نافذ کرنے والے سول و عسکری اداروں کی شاندار تربیت کے انتظامات پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف، لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی، لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ اور ٹرینرز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ تربیت مکمل کرنیوالے جوان وہ بھرپور کردار ادا کریں گے جس کی پاکستان کو ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے تربیتی مشقوں کا بھی معائنہ کیا اور پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تربیت کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔ کور کمانڈر ون کور منگلا لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی نے وزیراعلیٰ کو سوینئر بھی پیش کیا۔ کورکمانڈر ون کور منگلا لیفٹیننٹ جنرل عمر فاروق درانی، انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایویلیشن لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ، انسپکٹر جنرل پولیس مشتاق احمد سکھیرا، سیکرٹری داخلہ پنجاب اعظم سلمان، اعلیٰ عسکری و سول حکام، تربیت مکمل کرنے والے فوجی افسر و جوان اور پولیس جوان بھی اس موقع پرموجود تھے۔قبل ازیں مسلم لیگ (ن) کے وفد سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے 3 برس خدمت، امانت، دیانت اور شفافیت کی گواہی دے رہے ہیں۔تبدیلی کھوکھلے نعروں سے نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں عوام کی بے لوث خدمت سے آتی ہے اورعوام کی خدمت کیلئے مٹی کے ساتھ مٹی ہونا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی خوشحالی کیلئے اٹھ رہا ہے۔ آئندہ دو برس کے دوران عوام کی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔
شہباز شریف
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ الطاف حسین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کو پاکستان لا کر مقدمہ چلانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف زہر اگلنے کے بعد الطاف حسین کا چہرہ سب کے سامنے آگیا ہے ،اس معاملے پر الطاف حسین کو عبرتناک سزا ملنی چاہیے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کو زمینوں پر قبضہ کرنے والوں نے گھیر رکھا ہے ،اپوزیشن پاناما لیکس کو فٹبال بنانا چاہتی ہے۔
)وزیر اعلیٰ پنجاب