پانامہ لیکس پر حکومت کو کوئی رعائت نہیں دینگے، یوسف رضا گیلانی
کہروڑپکا (سٹی رپورٹر) موجودہ حکمرانوں نے عوام کا بیڑہ غرق کر دیا ۔ پانامہ لیکس کے معاملے پر حکومت کو کوئی رعایت نہیں دیں گے ۔ اگر پیپلز پارٹی کا نام پانامہ لیکس میں ہوتا تو (بقیہ نمبر 4صفحہ12پر )
رزلٹ اب تک کچھ اور ہوتا ۔ پاکستان صرف لاہور کا نام نہیں یہ سندھیوں ، سرائیکیوں ،پٹھانوں ، مہاجروں اور بلوچوں کا بھی پاکستان ہے ۔ پارٹیاں آتی جاتی رہیں گی ۔ مگر پیپلز پارٹی عوام میں ہمیشہ موجود رہے گی ۔ یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر وائس چیئر مین و سابق وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے کہی وہ گزشتہ شام بستی امداد آباد میلسی روڈ پر پاکستان پیپلزپارٹی ضلع لودھراں کے ورکرز کنونشن کے بہت بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے ۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمارا اوڑھنا بچھونا پیپلز پارٹی ہے ۔ پیپلزپارٹی کا جیالا کبھی بھی پارٹی نہیں چھوڑ سکتا ۔ جیالا ناراض ہو سکتا ہے مگر وہ کسی اور کو ووٹ دینے کا نہیں سوچ سکتا ۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج کا اجتماع دیکھ کر ان کا دل بڑا ہوا ہے ۔ میں امید کرتا ہوں کہ آنے والا وقت پھر پیپلز پارٹی کا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ کیا یہ ملک صرف عمران خان یا نوا ز لیگ کا ہے ۔ کیا یہ ملک میٹرو بسیں چلانے کیلئے بنا ہے ۔ ملک میں صحت اور تعلیم کی سہولتیں کہاں ہیں ؟ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ کہروڑپکا ان کی سیاست کا پہلا مرکز رہا ہے 1985کا الیکشن ضلع لودھراں سے ہی جیت کر اپنی سیاست کا آغاز کیا میرے دادا بھی یہاں سے ایم ایل اے منتخب ہوئے ۔ انھوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا وژن آج عوام کا وژن ہے ۔ بیروزگاری ، لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی جیسے مسائل کے خاتمے کیلئے موجودہ حکومت کے پاس کوئی وژن موجود نہیں ۔ قرضوں پر قرضے لے کر معیشت کو چلایا جا رہا ہے ۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب کے سابق گورنر مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ میں اور میرے بیٹے پیپلز پارٹی کا حصہ ہیں ۔ جب تک پیپلز پارٹی رہے گی ہم اس کے وفادار ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اقتدار ملے یا نہ ملے پیپلز پارٹی ہمیشہ قائم رہے گی ۔ سید احمد محمود نے کہا کہ ہم اقتدار کے بھوکے نہیں ۔ ہم عوام کی محبت کے طلبگار ہیں اور پیپلز پارٹی کا کارکن ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے روٹی کپڑا اور مکان کے فلسفے پر قائم اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں تبدیلی چاہتا ہے ۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین عبدا لقادر شاہین ۔ جاوید احمد صدیقی ۔ خواجہ رضوان عالم ۔ اقبال راندھو ۔ میاں نیاز سومرو و دیگر نے کہا کہ ملک کا بہت بڑا طبقہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہ طبقہ بھی اب تبدیلی کیلئے پیپلز پارٹی کی طرف دیکھ رہا ہے ۔ کنونشن کے میزبان اور پاکستان پیپلز پارٹی کی ضلعی صدارت کے امیدوار حاجی امداد اللہ عباسی نے کہا کہ میری قائدین سے گزارش ہے کہ عہدیدران کا فیصلہ کرتے ہوئے صرف اور صرف کارکنوں کی رائے کو اہمیت دی جائے ۔ امداد اللہ عباسی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں کی وجہ سے آج ایک بار پھر عوام سید یوسف رضا گیلانی کے دور کو یا د کر رہے ہیں ۔ کنونشن میں پیپلز پارٹی کے مختلف کار کنوں نے خود کو صدر اور جنرل سیکرٹری کے عہدے کیلئے پیش کرتے ہوئے اپنی اپنی خدمات سے قائدین کو آگاہ کیا ۔ کنونشن میں سابق ایم این اے رانا ممتاز احمد نون ۔ سابق امید وار قومی اسمبلی الحاج محمود الحسن عباسی ۔ میاں نوازش علی پیرزادہ ۔ملک نعیم خوشی ۔ ریاض خان بلوچ ۔ راؤ اشرف ۔ چوہدری شوکت بسرا ۔ خواجہ رضوان عالم ۔ عبدا لقادر شاہین ۔ محمود حیات عرف ٹوچی خان ۔ رانا سمیر نون ۔ سابق امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ 208 ممتازخان بلوچ ۔ شہزادی نوابزادی سائرہ عباسی آف بہاولپور ۔ میڈم صفیہ نقوی ۔ میاں شوکت حسین بھٹی ۔ جاوید بھٹہ ۔ الطاف بھٹہ ۔ میاں راحیل شوکت اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی ۔ ا س سے پہلے میلسی چوک کے قریب بستی معین آباد میں میاں شوکت حسین بھٹی اور میاں راحیل شوکت کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے اور وہ پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والی سیاسی شخصیات کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔ اس سے قبل سید یوسف رضا گیلانی کہروڑپکا پہنچے تو پی پی پی کارکنوں نے چوک بخاری اور میلسی چوک میں ان کا شاندار استقبال کیا ۔ پی پی پی کار کنوں نے قائدین پر پھولوں کی پتیاں نچھا ور کیں اور بھنگڑے ڈالے ۔ اس موقع پر سیکورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔ پولیس اور ایلیٹ فورس کی گاڑیاں سید یوسف رضا گیلانی اور سید احمد محمود کے ہمراہ موجود تھیں ۔
