دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے حکومت اور قانون نافز کرنیوالے ایک ہی پیج پر ہیں، محمد عاطف
مردان(بیورورپورٹ )صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے۔ کہ دہشت گردی کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک پیج پر ہیں۔ وہ مردان کچہری میں ہونے والے خود کش دھماکے کے جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے مردان کچہری کا دورہ کرکے بار روم میں وکلاء اور بار کونسل کے اراکین سے تعزیت کی ۔ اس موقع پر پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مظہر عالم میاں خیل پی آرسی کمانڈنٹ طارق قادر لکھیڑ ، اراکین صوبائی اسمبلی زاہد درانی ، عبید اللہ مایار ، افتخار علی مشوانی ، سردار حسین بابک ، ضلع ناظم مردان حمایت اللہ مایار ، کمشنر مردان ڈویژن ذاکر حسین ، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ اورڈی آئی جی مردان ریجن اعجاز خان بھی موجود تھے۔ انہوں نے دھماکے میں شہید ہونیوالوں کی درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا کہ دہشت گردی کا مسئلہ سنگین ہے اور اس میں بیرونی ہاتھ ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کے علاج معالجہ میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا مسئلہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا ہے۔ لیکن پچھلے ادوار کی نسبت دہشت گردی پر بہت حد تک قابو پالیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پولیس، انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر صوبے سے دہشت گردی کو ختم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔