حکومت تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت دے ،عارف علوی

حکومت تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت دے ،عارف علوی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستا ن تحریک انصاف سندھ کے صدر ور کن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت ’’پاکستان زندہ باد‘‘ جلسے کے لئے نشتر پارک میں جلسے کی اجاز ت نہیں دے رہی۔ جواب یہ آیا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت جلسے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ نیشنل ایکشن پلان کو صرف تحریک انصاف کے لئے کیوں استعمال کیا جا رہا ہے؟ ہم حکومت کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ جلسہ ہر صورت نشتر پارک میں کیا جائے گا۔ہم کراچی کی عوا م سے گزارش کرتے ہیں کہ 6ستمبر کو پاکستان کا جھنڈا لے کر نشتر پارک پہنچیں ۔پاکستان کے خلاف نعرہ لگانے والوں کو پاکستان کے شہری منہ توڑ جواب دیں گے۔ کراچی شہر میں بسنے والی تمام قوموں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو جلسے میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے گزشتہ روز تحریک انصاف کراچی کے مرکز ’’انصاف ہاؤس‘‘ نرسری میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی، سیکریٹری جنرل سردار عزیز ،جما ل صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ ہم اپنے جذبات کی عکاسی پر امن انداز میں کریں گے۔ عسکریت پسندی کی سیاست ہمارا انداز نہیں ہے۔ ہم ایک پر امن جماعت ہیں۔ ہمیں کراچی میں جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ’’پاکستان زندہ باد‘‘ جلسے کی تیاریں عروج پر ہیں مختلف علاقوں میں تحریک انصاف کی جانب سے کیمپ لگائے گئے ہیں ۔پاکستان کے خلاف نعرے لگانے والوں کو یہ پتہ چل جائے گا کہ کراچی کے شہری محب وطن شہری ہیں جو اپنے ملک سے محب کرتے ہیں اور کراچی پورے پاکستان کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے ۔تحریک انصاف وہ پہلی جماعت ہے جس نے کراچی کے لئے آواز بلند کی۔انہوں نے مزید کہا کہ جلسے سے قبل ریلیاں بھی نکالی جائیں گی اور پورے کراچی کے شہریوں سے ہماری اپیل ہے کہ اگر آپ پاکستان سے محبت کرتے ہیں تو 6ستمبر کو تحریک انصاف کے ’’پاکستان زندہ باد‘‘ جلسے میں شرکت کر کے ایک محب وطن شہری ہونے کا ثبوت دیں ۔