پاکستان ترکی تمام شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھیں گے :صدر ممنون حسین

پاکستان ترکی تمام شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھیں گے :صدر ممنون حسین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی معیشت و تجارت سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔ ترک اداروں کی جانب سے پاکستان میں حال ہی میں مختلف شعبوں میں کی جانے والی سرمایہ کاری حوصلہ افزا ہے ، توقع ہے کہ ترک حکومت پاکستان میں انفرااسٹرکچر ، سالڈویسٹ مینجمنٹ اور فوڈ پروسیسنگ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے ترک کمپنیوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔صدر مملکت نے یہ بات ترکی کے فارن انوسٹمنٹ اکنامک ریلیشنز بورڈ کے صدر عمر جہاد وردان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے جمعہ کو اپنے وفد کے ہمراہ ایوانِ صدر میں ان سے ملاقات کی اس موقع پر ترک سفیر صادق بایرگرکن پاک ترک بزنس کونسل کے شریک چیئرمین ،اٹیلا دیمریاریکایا اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان اس سال فری ٹریڈ ایگریمنٹ کا معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے فروغ کا ذریعہ بنے گا اور باہمی تجارت دونوں برادر ملکوں کی بھرپور صلاحیت کے مطابق ہوسکے گی ۔ صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ تجارتی حجم صلاحیت سے کم ہے ، یہ امید کی جاسکتی ہے کہ فری ٹریڈ ایگریمنٹ تجارت کا حجم بڑھانے میں معاون ثابت ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین تجارت بڑھانے کے حوالے سے مذاکرات صحیح سمیت پر گامزن ہیں ۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ میٹرو بس منصوبہ ، سالڈویسٹ مینجمنٹ اور ونڈ مِل جیسے منصوبے دونوں ملکوں کے درمیان قریبی تعاون کی مثال ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ترکی کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں توانائی اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔اس کے علاوہ دونوں ملکوں کو مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے نئے امکانات پیدا ہوں گے جس سے ترکی کو بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ترکی کے ساتھ ہے۔ حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ہم ترکی کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں باسٹھ ہزار سے زائد انسانی جانوں کا نقصان برداشت کیا ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب کے تحت کارروائی میں کامیابی حاصل کی ہے جس کی معترف بین الاقوامی برادری سمیت ترکی بھی ہے جس پر ہم ترکی کے شگرگزار ہیں۔صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ جس جواں مردی سے جمہوریت کی بقا کے لیے ترک عوام نے اپنا کردار ادا کیا وہ بین الاقوامی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جمہوریت پسندوں کو اس کی پیروی کرنی چاہیے۔ بغاوت اور دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے وا لے افراد کے لیے ترک حکومت اور عوام سے تعزیت کرتے ہیں۔صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں جن کو الفاظ میں بیان کرنا مشکل ہے ۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کا مستقبل شاندار ہے اور دونوں ممالک امن و خوش حالی کے لیے کام کرتے رہیں گے۔