فاروق ستار کو الطاف حسین سے خطرہ ہے ،بچنے کیلئے سیکیورٹی مانگی ہے :مصطفٰی کمال
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہاہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار کو الطاف حسین سے خطرہ ہے، اس خطرے سے بچنے کے لیے انہوں نے سیکیورٹی کے لیے خط لکھا ہے۔ہر روز ایک نیا فیصلہ کرنے کی ضرورت کیا ہے، الطاف حسین کو جانتا ہوں وہ کسی کو قیادت نہیں دے سکتے، دعا ہے فاروق ستار کی کتابی باتیں من وعن ٹھیک ہوجائیں۔ایک خصوصی انٹرویومیں مصطفی کمال نے کہاکہ الطاف حسین کے منہ سے نکلاجملہ ایم کیوایم کا آئین ہے، یہ ایم کیوایم فاروق ستار کی نہیں، وہ اسے نہیں چلاسکیں گے، فاروق ستار ایک آنکھ بند کرکے سمجھتے ہیں بلا ٹل جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ذہنی دباؤ میں الطاف حسین ملک کیخلاف بیان کیوں دیتے رہے۔ فاروق ستار کی نیت پرشک نہیں کررہا،ان کی نیت صاف ہے، الطاف حسین نے توثیق کردی تھی تووہ ٹوئٹ کیوں کرارہے ہیں۔مصطفی کمال نے کہاکہ ایم کیوایم میں آئین کو دیکھ کرکون کام کرتا ہے، ہم نے جو باتیں کیں وہ من وعن ٹھیک ثابت ہوئی ہیں، سب سے بڑے شدت پسند تو الطاف حسین خود ہیں، فاروق ستارنے طالبان سے بچنے کے لیے خط نہیں لکھابلکہ الطاف حسین سے بچنے کیلئے سیکیورٹی کا خط لکھاہے۔مصطفی کمال نے کہا کہ الطاف حسین کے بعد کسی کا نام آنا موت کا پروانہ ہے، الطاف حسین آج بھی آپریشنل ہیں، جب میں سچ بولتا ہوں تو اس کی مذمت ہوجاتی ہے، فاروق ستار،خواجہ اظہار تعاون کرنے پرحراست سے آزاد ہوئے، رات بھر ویڈیو دیکھ کر دونوں نے کارکنان کی تصدیق کی، ان لوگوں کو الطاف حسین کی حقیقت معلوم ہے۔