پاکستان غیر مستحکم کرنیوالے ٹولے کو عوام کامیاب نہیں ہونے دینگے :رانا تنویر حسین
لاہور ( این این آئی) وفاقی وزیر دفا عی پیداوار ،سائنس اینڈ ٹیکنا لوجی رانا تنویر حسین نے عمران خان کو پاکستان کا ’’ ٹرمپ ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتشار پھیلانے والا ٹولہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے لیکن یہ قوم انہیں کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی ،2018ء میں ایک نیا پاکستان عوام کے حوالے کریں گے ، اگر موجودہ حکومت کو 10سال اور مل جائیں تو پاکستان ملائشیا اور کوریا سے بھی کہیں آگے چلا جائے گا، نواز شریف کی حکمت عملی سے آج ملک سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے ،پاکستانی معیشت کے دیوالیے کی باتیں کرنے والے آج اسے پوری دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشت قراردے رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کالا شاہ کاکو میں ایسٹرن بائی پاس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ شیخوپو رہ وہ شہرہے جس کے لوگوں نے وزیراعظم کی ہربات پر لبیک کہا ،ججوں کی بحالی ہو یا جمہوریت کی جدوجہد ہو یہ لو گ ہمیشہ آپ کے شانہ بشانہ چلے ہیں اور آئندہ بھی چلتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے جب حکومت سنبھالی تو ادارے غیر فعال ہوچکے تھے ، ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا ،دہشتگردی کا عرو ج تھالیکن ان تمام خطرات کے باوجود وزیر اعظم نواز شریف نے پاکستان کی بحالی کا بیڑہ اٹھایا ، یہ ان کی حکمت عملیوں کانتیجہ ہے کہ آج کا پاکستان 2013ء کے مقابلے میں کہیں بہتر ہے ۔ آج دہشتگردی کے واقعات ہورہے ہیں لیکن دہشتگردی صرف پاکستان میں ہی موجود نہیں بلکہ یہ پو ری دنیا کا مسئلہ ہے ، تمام ممالک میں دہشتگردی کے واقعات ہو رہے ہیں ، ہمارے ایک طرف ہمارا ہمسایہ افغانستان ہے جو کہ دہشتگردوں کی نرسری ہے ،اگر یہاں پاکستان کی جگہ کوئی اورملک ہو تا تو کب کا تباہ ہو چکا ہوتا لیکن یہ نواز شریف کی حکمت عملی ہے کہ آج اس ملک سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا ہے ۔جو بین الاقوامی ادارے پاکستان کی معیشت کے دیوالیے کی باتیں کر رہے تھے وہی آج اس کو پوری دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشت قراردے رہے ہیں ،آج صنعتیں بحال ہو چکی ہیں ،آج لو ڈ شیڈنگ ماضی کے معاملے میں بہت کم ہو چکی ہے اور آپ کی قیادت میں ہی لو ڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف جس طرح ملکی مسائل پر پو ری طرح فوکس کر رہے ہیں ، 2018ء میں عوام کو ایک خوشحال اور مضبوط پاکستان دیں گے ۔جتنے بڑے مسائل تھے تین سال اتنے بڑے بڑے مسائل کو حل کرنے کے لئے کوئی عرصہ نہیں۔نواز شریف کو بہت سی سازشوں کا سامناکرنا پڑا،کبھی دھرنے کی صورت میں تو کبھی کنٹینر کی صورت میں لیکن انہوں نے تمام رکاوٹوں کوعبور کر کے اتنے کم عرصے میں جو نتائج حاصل کیے ہیں وہ تاریخ میں کسی سیاستدان نے اتنے کم عرصے میں نہیں دئیے ،اگر ان کو سیاسی استحکام ملے اور اگلا دورانیہ بھی آپ کا ہو ،صرف دس سال مل جائیں تو پاکستان ملائشیا اور کوریا سے بھی کہیں آگے چلا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف صاحب جتنی محنت اور جانفشانی سے کام کر رہے ہیں یہ قوم آپ کو معمار پاکستان کے نام سے یاد رکھے گی ،اس ایسٹرن بائی پاس کافائدہ صرف ایک علاقے کو نہیں ہوگا بلکہ پو رے ملک کو ہوگا۔ رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں سے پاکستان کی حالت بدل رہی ہے ،پاک چائنہ اقتصادی راہداری ملک اور پو رے خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا،2018ء میں عوام کو ایک خوشحال اور مضبوط پاکستان دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا ایجنڈا ملک کو نقصان پہنچانا اور غیر مستحکم کرنا ہے، پاکستان میں بھی جو ٹولہ انتشار پھیلا رہا ہے اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے یہ صرف اورصرف دشمن کے ایجنڈے پر عمل پیر اہے اور مکمل طورپر دشمنوں کا ساتھ دے رہا ہے۔عمران خان پاکستان کا ٹرمپ ہے لیکن یہ قوم اسے کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دے گی ۔
رانا تنویر حسین