مہمند ایجنسی ،تحصیل صافی میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ،1 اہلکار جاں بحق
مہمند ایجنسی (نمائندہ پاکستان) مہمند ایجنسی، تحصیل صافی میں بارودی سرنگ دھماکے سے خاصہ دار اہلکار جاں بحق۔ تحصیل پنڈیالئی میں مشکوک شخص کا گھر مسمار ، کمالی کے علاقے میں سرچ آپریشن ۔ مہمند ایجنسی میں سرکاری ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز تحصیل صافی کے دور افتادہ علاقہ علینگار میں خاصہ دار پوسٹ کے قریب چھپائے گئے بارودی سرنگ پھٹنے سے ڈیوٹی پر مامور خاصہ دار رفیع اللہ موقعہ پر جاں بحق ہو گیا ہے۔ جبکہ تحصیل پنڈیالئی کے علاقہ دویزئی ایپی کور میں قبائلی عمائدین نے پولیٹیکل انتظامیہ اورقانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے ایک مشکوک شخص کا گھر مسمار کر دیا۔ علاوہ ازیں لوئر مہمند کے یکہ غنڈ ریسٹ ہاؤس میں دادوخیل مشران کا علاقائی ذمہ داری کے حوالے سے جرگہ ہوا۔ اور حکومت کو تین روز تک اپنی پیش رفت سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ جبکہ تحصیل حلیمزئی اپر کمالی میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
