امن نہیں تو کہاں کی سیاست، مردان پر حملہ اسلام آباد پر حملہ تصور کیا جائے: سراج الحق
لاہور(خبر نگار خصوصی) مردان میں ہونے والا دھماکہ پیغام ہے کہ حالات ابنارمل ہیں ،حکومت دعوؤں کے باجود امن قائم کرنے میں ناکام رہی،مرکزی ،صوبائی حکو متیں اور ریاستی اداروں کو ملک و قوم کے دفاع کیلئے ایک پیج پر آنا ہوگا ،مرادن میں فاتحہ خوانی اور ہسپتالوں میں زخمیوں کی عیادت کے بعدمیڈیا سے گفتگو۔جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مردان دھماکوں سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ تمام تر دعوؤں کے باوجود امن و امان کی صورت حال ٹھیک نہیں ہے،صوبائی اور مرکزی حکومتیں سیاست سے بالا تر ہو کر امن وامان کے قیام کے لیے ایک صفحہ پر آجائیں اور امن کے قیام کے لیے عملی اقدامات کریں۔مردان پر حملہ اسلام آباد پر حملہ تصور کیا جائے ،امن نہیں ہوگا تو کہاں کی سیاست ہوگی اور کہاں کا کاروبار ،کیسے ہم ترقی کرینگے اور کیسے ہم سکون کا سانس لے سکیں گے ، آج کے واقعے سے ثابت ہوتا ہے کہ دشمن جہاں جس وقت کچھ کرنا چاہے وہ اپنا کام کرلیتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان دھماکہ کے بعد جان بحق ہونے والے وکلا کے لیے فاتحہ خوانی ،کچہری اور ہسپتال کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیاقبل ازیں انہوں نے ڈسٹرکٹ بار مردان کا دورہ کیا اور بار کے صدر امیر حسین ودیگر وکلاء سے تعزیت کی اور واقعے میں شہید ہونے والے وکلاء کیلئے فاتحہ خوانی کی ۔ انہوں نے کہا کہ میں مرکزی اور چاروں صوبائی حکومتوں سے کہنا چاہونگا کہ وہ مل کر عوام کو سیکیورٹی دیں۔جب حکمران رات کو بھی جاگتے رہیں اور دن میں بھی بیدار رہیں تبھی عوام عوام کو سکون اور امن ملے گاا ،انھوں نے غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔