یہودی شرپسندوں کا حضرت یوسفؑ کے مزار پر دھاوا، متعدد فلسطینی زخمی
نابلس (این این آئی) فلسطین میں مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں سینکڑوں یہودی آباد کاروں نے مسلح اسرائیلی فوجیوں کے ہمراہ حجرت یوسفؑ کے مزار پر حملہ کردیا۔ شرپسندوں نے مذہبی رسومات کی ادائیگی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کی، فلسطینیوں نے واقعے کے خلاف زبردست احتجاج کیا ، اس موقع پر صیہونی افواج اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے .
فلسطینی سیکورٹی ذرائع کے مطابق صیہونی افواج نے مظاہرین پر فائرنگ ، آنسو گیس کی شیلنگ اور اسٹنٹ گرنیڈ کا استعمال کیا جبکہ مظاہرین کی جانب سے فورسز پر پتھراﺅ کیا گیا ۔ اسرائیلی فورسز کا کہنا ہے کہ مزار کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں اس کا ایک اہلکار زخمی بھی ہوا تاہم اس کے حالت خطرے سے باہر ہے ، صیہونی افواج نے الزام عائد کیا کہ یہ فائرنگ قریب واقع بلاطہ کیمپ سے ہوئی ،اس موقع پر صیہونی افواج آپے سے باہر ہوگئیں اور انہوں نے فلسطینیوں کے گھروں میں گھس کر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور توڑ پھوڑ شروع کردی .
واضح رہے کہ یہودی اس مزار کو حضرت یوسف علیہ السلام کا مزار قرار دیتے ہیں جبکہ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ یہ مزار شیخ یوسف کا ہے جو مقامی مذہبی شخصیت رہے ہیں ، یہودی انتہا پسند آئے روز اس مزار میں گھس کی اس کی بے حرمتی کرتے رہتے ہیں۔