’سعودی عرب کو بھارت سے لڑوانے کیلئے ایران نے یہ کام کیا‘ سعودی عرب نے انتہائی سنگین الزام لگادیا، نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا
نئی دلی (مانیٹرنگ ڈیسک)سعودی عرب اور ایران کے درمیان ایک تنازعہ ختم نہیں ہوتا کہ دوسرا کھڑا ہو جاتا ہے۔ اب کی بار سعودی نائب ولی عہد پرنس محمد بن سلمان کے انتہائی اہم دورہ چین کے موقع پر نیا ہنگامہ کھڑا ہو گیا ہے۔
ویب سائٹ سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق سعودی نائب ولی عہد کے دورہ چین و جاپان کے موقع پر العالم نیوز چینل پر ایک رپورٹ نشر کی گئی جس میں بتایا گیا کہ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے اخبار ہندوستان ٹائمز کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ سعودی نائب ولی عہد کا دورہ چین و جاپان غیر اہم و بے معنی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کو اس دورے سے کوئی سروکار نہیں ہے اور نہ ہی اس کے کوئی سٹریٹجک نتائج برآمد ہونے والے ہیں۔ العالم نیوز چینل کی رپورٹ میں یہ انتہائی متنازعہ دعویٰ بھی کر دیا گیا کہ بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ پرنس محمد کی مشکوک چالوں کے بارے میں چین کو خبردار کرنا چاہتی ہیں، جنہیں امریکہ کی پشت پناہی حاصل ہے۔
یہودی شرپسندوں کا حضرت یوسفؑ کے مزار پر دھاوا، متعدد فلسطینی زخمی
بھارتی وزیر خارجہ کے سعودی عرب مخالف بیانات کی رپورٹ سامنے آتے ہی تہلکہ برپا ہو گیا۔ بھارتی وزارت خارجہ بھی فوری طور حرکت میں آگئی، جس کے ترجمان وکاس سوروپ نے اس رپورٹ کو مکمل طور پر بے بنیاد اور سعودی بھارت تعلقات کو خراب کرنے کی سازش قرار دیا۔ رپورٹ کو صرف بے بنیاد ہی قرار نہیں دیا گیا بلکہ یہ بھی کہا گیا کہ العالم نیوز چینل کو ایران اور حزب اللہ کی پشت پناہی حاصل ہے اور انہیں کی ایماءپر سعودی عرب اور بھارت کے تعلقات خراب کرنے کے لئے بے بنیاد رپورٹ نشر کی گئی۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزیر خارجہ سشما سوراج نے اخبار ہندوستان ٹائمز کو کوئی انٹرویو نہیں دیا، جبکہ ہندوستان ٹائمز کی جانب سے بھی اس بات کی تردید کردی گئی کہ وزیر خارجہ نے اخبار کو کوئی انٹرویو دیا تھا۔