کیا کرکٹر انضما م الحق دہشت گرد ہیں؟رابی پیرزادہ کے ساتھ فوٹو مہنگی پڑگئی

کیا کرکٹر انضما م الحق دہشت گرد ہیں؟رابی پیرزادہ کے ساتھ فوٹو مہنگی پڑگئی
کیا کرکٹر انضما م الحق دہشت گرد ہیں؟رابی پیرزادہ کے ساتھ فوٹو مہنگی پڑگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

انضمام الحق ایک لیجنڈ اور سادہ سے انسان اورایسے عظیم کرکٹر ہیں کہ ان کا بھولپن انکے چہرے سے مترشح ہوتا ہے ۔کوئی بات بھی اس طرح ڈھیلے انداز میں کرتے ہیں کہ کوئی ان پر کیا اعتراض اٹھائے گا کہ وہ سخت گیر ہوسکتے ہیں ۔شخصی طور پر جتنے سادہ اتنے ہی وہ پیشہ وارانہ طور پر مضبوط ہیں ۔اس میں کوئی شک نہیں کہ مولانا طارق جمیل کی نظر سعید انور اور ان پر بھی پڑی تو پاکستان کی کرکٹ میں انقلاب آگیا ۔کھلے میدان میں بوقت نماز سبھی نے دیکھا کہ کرکٹر پریکٹس چھوڑ کر نماز میں کھڑے ہوگئے ۔وہ جام اٹھانے والوں کی بجائے جائے نماز اٹھانے والوں کی صف میں کھڑے رہتے ہیں ۔انضمام الحق نے نماز سے سمجھوتہ کے بعد کسی اور جانب نہیں دیکھا ،ممکنہ طور پر وہ پہلے بھی خرافات میں مبتلا نہیں تھے لیکن ان کے دشمنوں میں خاص طور پر وہ لوگ جو ان کی داڑھی کے دشمن بن گئے یا تبلیغی جماعت سے جن کو عداوت ہے ،ان پراپنی دشمنی کا زہر پھینکا ، کئی طرح کے الزامات بھی عائد کئے  جن سے وہ باہر نکلتے رہے ہیں  ۔۔۔۔مگر اب تو سوشل میڈیا پر بعض بیرونی ناقدوں نے ان کی اسلام سے واسبتگی کو غلط رنگ دیتے ہوئے انہیں ایک متشدد اور بنیاد پرست کرکٹر کہنے کی مہم شروع کردی ہے ۔
ایک دو روز پہلے ایک ٹویٹر پر چند بھارتی اور ایک مبینہ ایرانی سکالر نے پاکستانی گلوکارہ اداکارہ رابی پیرزادہ کی اس پوسٹ کے بعد کہ ہالینڈ کے سیاستدان گیرٹ ولڈرز جیسے گستاخ کو سرعام پھانسی ہونی چاہئے ،رابی پیرزادہ کو ٹارگٹ بنالیا گیا مگر ساتھ ہی ناقد موصوف  نے رابی پیرزادہ کی انضمام الحق کے ساتھ ایک تصویر  بھی شئیر  کردی  اور ساتھ ہی یہ لکھا Pakistani Singer @Rabipirzada who called for the immediate hanging of @geertwilderspvv is seen with Inzimam-ul-Haq, a violent Pakistani cricketer and member of Tablighi Jamaat org. Involved in terrorism, described by French Intelligence as the “antechamber of fundamentalism”.
،اس پوسٹ کی شئیرنگ کے بعد حیران کن طور پر انڈیا اور پاکستان کے علاوہ کئی ملکوں سے لوگوں نے انضمام الحق کے متعلق ایسی رائے قائم کرنے  والوں کی مذمت کی  ہے  تاہم   بعض بھارتیوں نے فرضی جرائم بھی ان کے ساتھ نتھی کرتے ہوئے انہیں داود ابراہیم  کا رشتہ دار بھی بناڈالا ہے ۔جہاں تک میرا گمان اور تحقیق کا سوال ہے تو امام توحیدی نامی ایرانی  ایکٹوسٹ  کوئی فرضی کردار بھی ہوسکتا ہے جس نے اپنے ایجنڈے کے تحت نفاق کو زہر بویا ہے۔ کیونکہ جس سیاق و سباق کو مدنظر رکھتے ہوئے اس نے رابی پیرزادہ کا محاسبہ کیا ہوا ہے اسی طرح اس نے انضمام الحق کے ساتھ اسکا تعلق جوڑ کر جو نتیجہ پیش کرنے کی کوشش کی ہے یہ کسی عاشق رسول ﷺ کی فکری سوچ نہیں ہوسکتی ۔ایران ہو یا کوئی اور اسلامی ملک کوئی بھی عشق رسول ﷺ میں پیچھے نہیں اور عالمی سطح پر گیرٹ ولڈرز نامی گستاخ قبیلے کے لوگوں کے خلاف ان کے نظریات ان مٹ ہے۔ایران میں   گستاخ رسول ﷺ کی سزا کیا ہے ،اسکا اندازہ ان فتاویٰ سے لگایا جاسکتا ہے جو امام خمینی سے اب تک مختلف مجتہدوں نے جاری کئے ۔لہذا کوئی ایرانی خاص طور پر ایران میں بیٹھ کر تو ایسی جسارت کربھی نہیں سکتا کہ کہ وہ مذہبی نفرت پھیلائے ۔ اب جہاں تک سوال ہے رابی پیرزادہ کے حالیہ بیانات کا تو ایک مسلمان ہونے کے ناطے اس نے دنیا کا امن غارت کرنے والے کو سخت ترین سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے ، دیکھا جائے تو گیرٹ جیسے لوگ اعتدال پسند نہٰیں بلکہ خود متشدد اور بنیاد پرست ہیں۔ امام توحیدی نے جس فرنچ انٹیلی جنس کا حوالہ دیا ہے ،اس کا اطلاق تو گیرٹ پر بھی ہونا چاہئے ۔ 
انضمام الحق کاذاتی اور پیشہ وارانہ کردار کھلی کتاب کی طرح ہے ۔وہ مذہبی ہونے کے باوجود کسی تنظیم سے وابستہ نہیں۔تبلیغی جماعت والوں نے اگر ان کی مذہبی تربیت کی اور اسلامی فرائض و فقہ سمجھائی ہے تو اسکا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ وہ دہشت گرد  قرار دے دئے جائیں جبکہ پاکستان میں مذہبی جماعت پر ایسے کوئی الزامات نہیں ،نہ لوگ اس جماعت کو دہشت گرد اور بنیاد پرست سمجھتے ہیں،یہ پاکستان کی انتہائی تعلیم یافتہ لوگوں کی جماعت ہے جسے دنیا کے ساتھ ساتھ دین کا بھی خوب پتہ ہے اور کوئی اعتدال سے باہر نہیں نکلتا۔انضمام الحق  نے آج تک میڈیا پر مذہب پر کوئی اختلافی بات نہیں کی ۔ انہوں نے  کرکٹ کوپھر سے مضبوط کرنے کی کوشش کی ہے تاہم اس موقع پر ایک بات کہنے کی ضرورت ہے کہ ہمارے اداروں کو ویکی پیڈیا پر کڑی نظر رکھتے ہوئے کسی ادارے کو یہ ذمہ داری دینی چاہئے کہ وہ پاکستان اور اسلام کی اہم شخصیات کے بارے میں بیان کردہ معلومات کا جائزہ لیتا رہے کیونکہ اس ویکی پیڈیا ،جیسا کہ انضمام الحق کے بارے مٰیں کچھ مشکوک باتوں کا ذکر کیا گیاہے ،جو کہ بالکل فرضی ہوسکتی ہیں لیکن نئی نسل جب بھی انضمام الحق کا آرکائیو کھولے گی وہ ان معلومات پر ہی انحصار کرے گی ۔یہی عالم دوسری شخصیات کا بھی ہے۔پاکستان کی زیادہ ترین شخصیات کے ویکی پیڈیا میں غلط معلومات بھی بھری جاچکی ہیں ۔انضمام الحق کو ان معلومات کی بنیاد پر متشدد ،بنیاد پرست اور دہشت گردی کی ڈوری میں پرونے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ مغرب اور انڈیا میں  مذہبی رجحان رکھنے والے پاکستانیوں  کے بارے تاثر موجود ہے کہ وہ  خواتین کی بے پردگی اور ان کی آزادی کے سخت خلاف ہیں لیکن انضمام الحق کی رابی پیرزادہ کے ساتھ فوٹو ایسے تمام نظریا ت کی نفی کرتی ہے،اور انضمام الحق جیسے مذہبی لوگوں کی اعتدال پسندی کا بین ثبوت بھی ہے ،اسکے باوجودپاکستان سے تعلق رکھنے والے مذہبی لوگوں کے بارے میں  ایسا منفی تاثر پھیلانا یقینی طور پر پاکستان کے دشمنوں کا ہی وطیرہ ہوسکتا ہے ۔

۔۔  

نوٹ: روزنامہ پاکستان میں شائع ہونے والے بلاگز لکھاری کا ذاتی نقطہ نظر ہیں۔ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید :

بلاگ -