آصف زردار ی کو لاہور اور لاڑکانہ کی سڑکوں پر گھسیٹنے کے دعویٰ کرنے والے آج کس منہ سے انہیں گلے لگا رہے ہیں:نیلم حیات ملک
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)انصاف ویلفیئر ونگ کی رہنما اور رکن پنجاب اسمبلی نیلم حیات ملک نے کہا ہے کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی قوم کو اپنی کرپشن کا حساب دیں، کرپٹ اپوزیشن حکومت گرانے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے،شہبازشریف اور آصف زر داری کی ملاقات "دورنگیلے فلم پارٹ ٹو" اور سیاسی شعبدہ بازی کے سوا کچھ نہیں،چلے ہوئے کارتوس اپنی کرپشن کو بچانے کے لئے آپس میں مل رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن پنجاب اسمبلی نیلم حیات ملک نے کہا کہ ماضی میں شہبازشریف آصف زردار ی کو لاہور اور لاڑکانہ کی سڑکوں پر گھسیٹنے اور ان کا پیٹ پھاڑ کر کرپشن کا پیسہ نکالنے کے بلند بانگ دعوے کیا کرتے تھے،آج وہ زردار ی کو کس منہ سے مل رہے ہیں اور کس منہ سے انہیں گلے مل رہے ہیں،کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے؟ کرپٹ مافیا کو این آر او نہیں ملےگا چاہے وہ جتنا مرضی جھوٹااور منفی پروپیگنڈا کرلیں۔انہوں نے کہاکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے چالیس سالوں سے ملک کو بے دردی سے لوٹا ہے،آج ان کا گٹھ جوڑ کھل کر عوام کے سامنے عیاں ہو چکا ہے کرپٹ اپوزیشن حکومت گرانے کا خواب دیکھنا چھوڑ دے،کرپٹ اپوزیشن کا وطیرہ منفی سیاست ہے، پی ٹی آئی عوام کی طاقت سے ملکر سازشی ٹولے کی منفی سیاست کو ہمیشہ کے لئے ناکام بنا دے گی۔نیلم حیات ملک نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ملک میں ترقی اور حوشحالی کے لئے پُرعزم ہے، کرپٹ مافیا یہ جو مرضی کر لے قوم نے ان سیاسی شعبدہ بازوں کو بُری طرح مسترد کردیا ہے، پی ٹی آئی کرپشن کے خاتمے، چوروں اور لٹیروں کے احتساب سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گی اور انہیں اپنی لوٹی ہوئی پائی پائی اور ایک ایک دھیلے کا حساب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درباریوں کو جھوٹ بولنے کے سوا کوئی دوسرا کام نہیں،قوم ان لٹیروں کے جھانسے میں نہیں آئے گی۔