ورچوئل یونیورسٹی نے بلینڈڈ لرننگ فار نالج اکانومی پروجیکٹ حاصل کرلیا
لاہور(خصوصی رپورٹ)ورچوئل یونیورسٹی نے حکومت پاکستان کی طرف سے "بلینڈڈ لرننگ فار نالج اکانومی" پراجیکٹ جیت کر ایک اور سنگ میل حاصل کرلیا۔ بلینڈڈ لرننگ منصوبے کے لئے انتظامی منظوری حکومت پاکستان نے دی۔ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام کی طرف سے جاری کیئے گئے ایک مراسلے میں بلینڈڈ لرننگ منصوبے کی باقاعدہ زمہ داری ورچوئل یونیورسٹی کے سپرد کی گئیں۔ وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام سعید امین الحق اور سیکرٹری آئی ٹی و ٹیلی کام شعیب احمد صدیقی کی خصوصی کاوشوں کی وجہ سے وسیع تر قومی مفاد میں ایک قلیل مدت میں اس منصوبے کو منظور کیا گیا ہے۔ان خیالات کا اظہار ریکٹر ورچوئل یونیورسٹی نعیم طارق نے اس منصوبے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ " بلینڈڈ لرننگ" منصوبے کے لئے وفاقی حکومت کی طرف سے کل 6 ارب روپے بجٹ کی منظوری دی گئی ہے۔یہ منصوبہ 4 سالوں پر محیط ہو گا۔
اس منصوبے کا بنیادی مقصد تکنیکی تعلیم میں ہر سال 10 فیصد کی شرح سے داخلوں میں نمایاں اضافہ کرنا ہے۔ اس بڑے ہدف کو تکنیکی اور پیشہ ورانہ تعلیمی اداروں سمیت سرکاری اور نجی ڈگری دینے والے اداروں کے ساتھ تعاون کرکے حاصل کیا جائے گا۔