چیف ایگزیکٹو لیسکوکی ہیڈ کوارٹرز میں ای کچہری، صارفین کی شکایات سنیں 

 چیف ایگزیکٹو لیسکوکی ہیڈ کوارٹرز میں ای کچہری، صارفین کی شکایات سنیں 

  

لاہور(خصوصی رپورٹ) چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ نے عوامی شکایات کے فی الفور ازالے کے لئے گزشتہ روز لیسکو ہیڈ کوارٹر میں فیس بک کے لائیو سیشن کے ذریعے صارفین کی شکایات سْنیں۔ جنرل منیجر ٹیکنیکل معین الدین،جنرل منیجر آپریشن پرویز اقبال،ڈائریکٹر ایچ آر آضیہ شعیب،چیف فنانس آفیسر بشریٰ عمران، چیف انجینئر پلاننگ عمانوایل سردار،منیجر کمپلینٹ سیل طاہر محمود ندیم اور منیجر پی آر او عمران افضل خان بھی لیسکوچیف کے ہمراہ تھے جبکہ باقی سرکلز کے ایس ایز بھی آن لائن سیشن میں موجود تھے۔لیسکو چیف کی ای کچہری میں ریجن کے تمام آٹھوں سرکلز میں رہائش پذیر صارفین نے بھرپور شرکت کی۔ لیسکو ای-کچہری میں مختلف نوعیت کی  تقریباً110 شکایات موصول ہوئیں۔چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ صارفین کی شکایات کے ازالے میں کوتاہی برتنے والے افسران و ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ یہ ای کچہریاں وزیراعظم پاکستان اور وزارت توانائی کی خصوصی ہدایات پر شروع کی گئی ہیں۔ جن کا مقصد ملک بھر میں پھیلی کرونا وائرس کی وباء کو مدِ نظر رکھتے ہوئے عوامی شکایات کا ان کے گھر کی دہلیز پر ہی ازالہ کیا جانا ہے۔ اس سبب عوام اور لیسکو کے عملے کی حفاظت کے پیشِ نظر لیسکو چیف اپنی ٹیم کے ہمراہ ماہانہ بنیاد پر اپنے فیس بک پیج LESCO PMDU کے ذریعے عوام کی شکایات وصول کریں گے اوران شکایات کا موقع پر ہی ازالہ کیا جائے گا۔اس طرح صارفین بجلی نہ صرف اپنے گھر یا دفتر میں بیٹھ کر بجلی سے متعلقہ اپنے مسائل باآسانی متعلقہ حکام تک پہنچا سکیں گے بلکہ ان کی شکایات کا ازالہ لیسکو دفاتر میں آئے بغیر ہی ممکن ہو جائے گا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -