مرتضی وہاب کی کھارادر میں بارش کے پانی کی نکاسی کی ہدایت
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سینیٹر و ترجمان حکومت سندھ مرتضی وہاب نے وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر کھارادر، ٹاور اور ملحقہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اس موقع پر انکے ہمراہ کمشنر کراچی ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت، ایم ڈی سالڈ ویسٹ کاشف گلزار، ایم ڈی واٹر بورڈ خالد محمود، ای ڈی آپریشن طارق نظامانی اورکھارادرکی تاجربرادری موجود تھے۔ انہوں نے کھارادر، ٹاور اور ملحقہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کرکے بارش کے پانی کی نکاسی اور صفائی ستھرائی کے کام کا معائنہ کیا۔تفصیلات کے مطابق کھارادر اور ملحقہ علاقوں میں برسات کا جمع شدہ پانی نکالنے کے لئے واٹر بورڈ کی مشینری و عملہ تعینات ہے جبکہ سالڈ ویسٹ کا عملہ کچرا اٹھانے، سوئپنگ کا کام انجام دے رہا ہے اس کے علاوہ ٹریکٹر بلیڈ کی مدد سے کیچڑاٹھانے کا کام بھی جاری ہے۔ انہوں نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو کھاراد کی گلیوں سے جلد از جلد پانی نکالنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا۔ تاجر برادری کو جلد از جلد ریلیف فراہم کرنے کے انتظامات یقینی بنائے جائیں انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے نقصان اور مسائل سے آگاہ ہیں انکے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، دریں اثناء ایم ڈی سالڈ ویسٹ کاشف گلزار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کے واٹر بورڈ جس جس علاقے سے پانی کی نکاسی کرتی جا رہی ہے وہاں سالڈ ویسٹ کا عملہ سوئپنگ اور کچرااٹھانے کا کام بروقت انجام دے رہا ہے۔ ایم اے جناح روڈ، کے ایم سی بلڈنگ کے اطراف، الیکٹرونک مارکیٹ، کپڑا مارکیٹ،میریٹ روڈ، بمبئی بازار، پاریا اسٹریٹ، صرافہ بازاراور ایدھی ہوم کے اطراف علاقے کلیئر کردیئے گئے ہیں۔ جبکہ باقی علاقوں میں کام جاری ہے۔مرتضی وہاب نے وہاں پر موجود تاجران سے ملاقات کی انکے مسائل سنے اور جلد از جلد مسائل کے حل کے انتظامات کی یقین دہانی کرائی۔