اولڈ سٹی ایریا سیلاب زدہ بستی کا منظر پیش کررہا ہے،شیخ فرہاد

    اولڈ سٹی ایریا سیلاب زدہ بستی کا منظر پیش کررہا ہے،شیخ فرہاد

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)کریڈو ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر اور معروف روحانی شخصیت شیخ محمد فرہاد نے بارشوں کے بعدشہر کی صورت حال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھارادر سمیت شہر کے متعد د علاقوں میں تاحال پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی ہے  اوریہ علاقے کسی سیلاب زدہ بستی کا منظر پیش کررہے ہیں۔بارشوں سے تاجروں کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے لیکن حکومت کی جانب سے اب تک ان کی دادرسی کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔۔وفاقی اور صوبائی حکومتیں فوری طور پر شہر کی حالت زار پر توجہ دیتے ہوئے خصوصی پیکج کا اعلان کریں۔بدھ کو جاری بیان میں شیخ محمد فرہاد نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر بارشوں نے شہر قائد کو ڈبودیا۔پیشگی اطلاعات کے باوجود صوبائی حکومت اور مقامی انتظامیہ سوئی رہیں اور شہریوں کو کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔انہوں نے کہا کہ اولڈسٹی ایریا میں حالات انتہائی ابتر ہیں خصوصاً کھارادر کا علاقہ کسی سیلاب زدہ بستی کا منظر پیش کررہا ہے۔اس علاقے کو شہر کی تجارتی سرگرمیوں کا مرکز بھی کہاجاسکتا ہے یہاں پر موجود چھوٹی بڑی مارکیٹوں میں بارش کا پانی داخل ہونے سے تاجروں کا کروڑوں روپے کا نقصا ن ہوا ہے جبکہ گھروں میں پانی داخل ہونے سے بھی شہریوں کو نقصان اٹھانا پڑا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے خصوصی طور پر ہدایات جاری کی تھیں کہ کھارادر کے علاقے میں پانی کی نکاسی کا فوری انتظام کیا جائے لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ سید مراد علی شاہ کے احکامات کو بھی انتظامیہ نے نظرانداز کردیا ہے۔شیخ محمد فرہاد نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ،وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ اور دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ کھارادر کی صورت حال کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت جاری کی جائیں کہ وہ علاقے سے نکاسی آب کے لیے فوری انتظامات کریں جبکہ تاجروں اور شہریو ں کو پہنچنے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔

مزید :

صفحہ آخر -