ریگی ماڈل ٹاؤن 30 سالہ پرانا منصوبہ ہے،ثمر ہارون بلور

ریگی ماڈل ٹاؤن 30 سالہ پرانا منصوبہ ہے،ثمر ہارون بلور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور (سٹی رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی ترجمان ثمرہارون بلورن ے کہا ہے کہ ریگی ماڈل ٹاؤن 30سالہ پرانا منصوبہ ہے جو پی ڈی اے کے زیرنگرانی شروع کیا گیا تھالیکن اتنا عرصہ گزرجانے کے باوجودابھی تک گھمبیر صورتحال کا شکار ہے۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کی صوبائی ترجمان نے کہا ہے کہ وہاں رہائشیوں کو بجلی، سڑکوں، سیکیورٹی سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے اور وہاں رہائشی افراد زیادہ تر ریٹائرڈ سرکاری ملازمین ہیں، وہاں کے رہائشیوں نے ڈی جی پی ڈی اے، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، وزیر بلدیات، چیف سیکرٹری او یہاں تک کہ وزیراعلیٰ سے بھی بار بار ملاقاتیں کیں، مشکلات سے آگاہ کیا لیکن بات تسلیوں سے آگے نہیں بڑھ رہی۔ ثمرہارون بلور کا کہنا تھا کہ ابھی تک وہاں کے رہائشیوں کو سٹریٹ نمبر یا ہاؤس نمبر تک الاٹ نہیں کئے گئے، اسی وجہ سے طلبہ و طالبات اور امیدوار داخلوں، ویزوں کے انٹرویوز تک سے محروم رہ گئے ہیں۔ دوسری جانب نئی زیرتعمیر ڈی ایچ اے جہاں کوئی گھر بھی تعمیر نہیں ہوا لیکن وہاں تمام سہولیات میسر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ اے کے گھروں کو ہاؤس نمبرز الاٹ کئے جاچکے ہیں، بجلی زیرزمین سسٹم کے ذریعے مہیا کی گئی ہے، سوئی گیس کے لائنز بچھادیے گئے ہیں لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ ریگی ماڈل ٹاؤن کے رہائشیوں کے پیسوں سے بچھائے گئے مخصوص لائن سے زبردستی ڈی ایچ اے کو گیس اور بجلی مہیا کردی گئی ہے۔ ریگی ماڈل ٹاؤن کے رہائشیوں سے گیس نرخ بھی زیادہ لی جارہی ہے، ایک کروڑ 25لاکھ روپے بہت پہلے نارمل سوئی گیس شرائط پر جمع کرائے گئے ہیں۔ ثمرہارون بلور نے ٹاؤن کے رہائشیوں کے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک بار پھر انہوں نے مین گیٹ پر احتجاجی کیمپ لگادیا ہے جو پی ڈی اے حکام، محکمہ بلدیات اور بالخصوص وزیراعلیٰ کیلئے شرمناک امر ہے۔ پی ڈی اے حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی بنیادوں پر ریگی ماڈل ٹاؤن کے مسائل حل کئے جائے اور تمام متعلقہ ادارے احتجاجی رہائشیوں کے ساتھ مل بیٹھ کر انکے مسائل کا دیرپا حل نکال کر انہیں مطمئن کرے۔ اگر اب بھی انکے مسائل حل نہ کئے گئے تو عوامی نیشنل پارٹی اس مسئلے کو ہر فورم پر پرزور انداز میں اٹھائے گی۔