باجوڑ پولیس کا ایک اور انقلابی اقدام، برنگ میں 73سال بعد حکومتی رٹ بحال 

باجوڑ پولیس کا ایک اور انقلابی اقدام، برنگ میں 73سال بعد حکومتی رٹ بحال 

  

باجوڑ (نمائندہ خصوصی)  باجوڑ پولیس کا ایک اور انقلابی اقدام،علاقہ برنگ اصیل ترغا میں 73سال بعد حکومتی رٹ بحال۔علاقہ میں دو ماہ کے دوران دوسری پولیس پوسٹ قائم۔ قبائلی عمائدین اور عوام کا پولیس پوسٹ کے قیام کا خیر مقدم۔ علاقہ سے جرائم پیشہ اور ملک دشمن عناصر کا مکمل خاتمہ ہوگا۔ ضلع باجوڑ کے دورافتادہ علاقہ تحصیل برنگ کے علاقہ اصیل ترغا میں پولیس فورس نے 73سال بعد حکومتی رٹ بحال کرکے دوسری پوسٹ قائم کردی۔ان خیالا ت کااظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ شہزادہ کوکب فاروق نے باجوڑ پریس کلب کے صدر حسبان اللہ کے قیادت میں میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلہ میں 2 پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جبکہ مزید پوسٹیں بھی قائم کرینگے۔انہوں نے کہا کہ ضلع باجوڑ کے دورافتادہ اور پہاڑی سلسلوں میں واقع دشوار گزار اور نہایت پسماندہ تحصیل برنگ کے علاقے اصیل ترغا میں پاکستان کی آزادی کے 73 سال بعد پہلی بارپولیس کی پوسٹیں قائم کرکے حکومتی رٹ بحال کردی گئی ہیں۔ گزشتہ ماہ تحصیل برنگ کے علاقہ اصیل ترغا وکے قبائلی عمائدین نے سیکٹر ہیڈ کوارٹر نارتھ، باجوڑ سکاٹس،ضلعی انتظامیہ اور ضلعی پولیس ڈیپارٹمنٹ سے درخواست کی تھی کہ اس پسماندہ علاقے میں پولیس پوسٹیں قائم کی جائیں اور اسی کڑی کے سلسلے میں دوسری پولیس پوسٹ کا قیام عمل میں لایا گیاہے، آ نے والے دنوں میں مزیدپوسٹیں بھی قائم کی جائیں گی۔ان پوسٹوں کے قیام پر اصیل ترغاو کے لوگوں نے سیکٹر ہیڈ کوارٹر نارتھ، باجوڑ سکاٹس، ضلعی انتظامیہ اور باجوڑ پولیس کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں اپنے تعاون کا بھی یقین دلایا اور کہا کہ اصیل ترغاو کی عوام اس بات کی توقع کرتے ہیں کہ ان پوسٹوں کے قیام سے امن وامان کی صورتِ حال بہتر ہو گی اور علاقے کے مسائل کا سدباب ہو گا۔یادرہے کہ علاقے کے عمائدین نے فرنٹیئر کور نارتھ سے پانی کا دیرینہ مسئلہ حل کرنے کی درخواست کی تھی،اسی سلسلے کی پہلی کڑی میں ہیڈ کوارٹر فرئنٹیر کور اور باجوڑ سکاٹس کے تعاون سے اصیل ترغا میں سپرے کے مقام پر ایک سولر ٹیوب ویل سسٹم کا کام مکمل ہونے کے قریب ہے، جس کی تکمیل پر اہلِ علاقہ کو پینے کا صاف پانی میسر ہو گا۔جبکہ پہلی بار چالیس کروڑ روپے کی خطیر رقم سے دشوار گزار پہاڑوں میں ایک سڑک کی تعمیر بھی شروع کر دی گئی ہے۔ جبکہ دوسرے جانب اصیل ترغا کے قبائلی عمائدین اور عوام نے پولیس پوسٹوں کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہوئے ایف سی پوسٹوں کے قیام کا بھی مطالبہ کیا ہیں۔ پولیس اور سکیورٹی فورسز کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -