اے این پی عوام کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑے گی،حیدرخان ہوتی 

اے این پی عوام کو کسی صورت اکیلا نہیں چھوڑے گی،حیدرخان ہوتی 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدرخان ہوتی نے اے این پی سوات کے تمام کارکنان اور رہنماؤں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی اقتدار میں ہویا نہ ہولیکن دکھ اور غم کی گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ اے این پی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدر خان ہوتی نے بدھ کے روز سوات سے سابق رکن صوبائی اسمبلی سید جعفرشاہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ضلع بھر میں جاری سیلابی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر سید جعفرشاہ نے انہیں اے این پی کی جانب سے جاری امدادی سرگرمیوں اور ضلع بھر میں سیلابی صورتحال سے آگاہ کیا۔ امیرحیدر خان ہوتی کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں حکومت کی عدم موجودگی انکی اہلیت پر سوالات اٹھارہی ہے۔وزیراعلیٰ، وفاقی وزیر، صوبائی وزراء کا ضلع ہونے کے باوجود سوات کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک قابل مذمت ہے۔وزیراعظم اور وزراء سندھ حکومت پر تنقید میں مصروف لیکن اپنے صوبے سے بے خبر ہیں۔سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ صوبے کا وزیراعلیٰ موسم کی خرابی کا بہانہ بنا کر جان نہیں چھڑا سکتے، انہیں کم از کم اپنے ضلع کے عوام کا سامنا کرنا ہوگالیکن شاید موسم کی خرابی کا بہانہ بنا کر وہ جان خلاصی کی کوشش کررہے ہیں۔ عوام پر بھی پی ٹی آئی حکومت کا اصل چہرہ اب عیاں ہوچکا ہے۔امیرحیدر خان ہوتی کا کہنا تھا کہ اے این پی کے مرکزی و صوبائی قائدین اور سابق رکن صوبائی اسمبلی عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں۔حکومت وقت کو اگر دوسروں پر تنقید سے فرصت ہوگی تو وہ عوام کے مشکلات کا احساس کرسکیں گے لیکن عوامی نیشنل پارٹی حکومت میں ہو یا نہ ہو، عوام کے ساتھ تمام مشکلات میں کھڑی رہے گی۔

مزید :

صفحہ آخر -