پی ٹی آئی کرپشن کے خاتمے، چوروں اور لٹیروں کے احتساب سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گی: رانا اختر حسین
لاہور( پ ر)پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات رانا اخترحسین نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور آصف زر داری کی ملاقات دورنگیلے فلم پارٹ ٹو ہے اور سیاسی شعبدہ بازی کے سوا کچھ نہیں ہے،یہ چلے ہوئے کارتوس اپنی کرپشن کو بچانے کے لئے آپس میں مل رہے ہیں انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ ان خیالات کا اظہار رانا اختر حسین نے اپنی رہائشگاہ پر ملاقات کے لئے آنے والے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیارانا اختر حسین نے کہاکہ ماضی میں شہباز شریف آصف زردار ی کو لاہور اور لاڑکانہ کی سڑکوں پر گھسیٹنے اور ان کا پیٹ پھاڑ کر کرپشن کا پیسہ نکالنے کے بلند بانگ دعوے کیا کرتے تھے اور آج وہ زردار ی کو کس منہ سے مل رہے ہیں؟ انہوں نے کہاکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے چالیس سالوں سے ملک کو بے دردی سے لوٹا ہے اورآج ان کا گٹھ جوڑ کھل کر عوام کے سامنے عیاں ہو چکا ہے یہ جو مرضی کر لیں قوم نے ان سیاسی شعبدہ بازیوں کو بُری طرح مسترد کردیا ہے پی ٹی آئی کرپشن کے خاتمے، چوروں اور لٹیروں کے احتساب سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے گی اور انہیں اپنی لوٹی ہوئی پائی پائی اور ایک ایک دھیلے کا حساب دینا پڑے گا۔