معروف فٹ بالر نیمار بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) برازیل کے معروف فٹ بالر نیمار بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جبکہ ان کیساتھ دیگر 2 کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فٹ بال کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) سے منسلک برازیلین فٹ بال سٹار نیمار اور دیگر دو کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ کلب نے اپنے بیان میں کھلاڑیوں کے نام تو ظاہر نہیں کئے لیکن تصدیق کی ہے کہ تین کھلاڑیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے بعد تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
کلب کے مطابق تمام کھلاڑیوں اور کوچنگ عملے کے ٹیسٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ رپورٹ کے مطابق جب کورونا وائرس کا شکار ہونے والے کھلاڑیوں کے ناموں کے حوالے سے کلب سے رابطہ کیا تو انہوں نے نام ظاہر کرنے سے انکار کر دیا تاہم ذرائع نے نیمار، اینجل ڈی ماریا، لینڈرو پریڈس کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔
یاد رہے کہ مذکورہ تینوں کھلاڑی چیمپین لیگز کے فائنل میں شکست کے بعد ہسپانوی جزیرے ایبیزا پر چھٹیاں منانے گئے تھے جہاں وہ دوستوں اور رشتہ داروں کی پارٹیوں میں شریک ہوئے، اس لئے خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تینوں کھلاڑی وہیں سے کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے۔