گھر سے فوٹو کھنچوانے جانے والی 15 سالہ لڑکی کو 3 لوگ اغوا کرکے کھنڈر میں لے گئے اور ۔۔۔
بریلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع بریلی میں ایک 15 سالہ نابالغ لڑکی کی اسی کے محلے کے 3 ملزمان نے اجتماعی عصمت دری کردی۔
پولیس کے مطابق بدھ کی دوپہر کو سی پی گنج کی 15 سالہ لڑکی تصویر کھنچوانے کیلئے مارکیٹ جارہی تھی کہ ریلوے پھاٹک کے قریب اسے اسی کے محلے کے 3 نوجوانوں نے اغوا کرلیا۔
ملزمان نابالغ لڑکی کو ایک کھنڈر میں لے گئے جہاں نہ صرف اس کی اجتماعی عصمت دری کی بلکہ اس کی ویڈیو بھی بنائی ۔ لڑکی نے مزاحمت کی تو لوہے کے راڈ سے اس کی پٹائی بھی کردی اور دھمکی دی کہ اگر اس نے اس بارے میں کسی کو بتایا تو اس کی ویڈیو وائرل کردی جائے گی۔
لڑکی نے وقوعہ کے بارے میں اپنے گھر والوں کو بتایا تو انہوں نے پولیس سے رجوع کیا۔ لڑکی نے تین ملزمان موہت، سمیت اور انکت نامی ملزمان کو نامزد کیا جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے موہت اور سمیت کو گرفتار کرلیا جبکہ انکت فرار ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے وہ موبائل فون بھی برآمد کرلیا ہے جس کے ذریعے انہوں نے عصمت دری کی ویڈیو ریکارڈ کی تھی جبکہ ویڈیو کلپ بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔