جامعہ پشاور میں سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا
پشاور(سٹی رپورٹر)حریت پسند کشمیری رہنما سیدعلی گیلانی کی غائبانہ نمازِ جنازہ جامعہ پشاور میں ادا کی گئی۔ناظم اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس پشاور شفیق الرحمن نے نمازِ جنازہ پڑھائی۔نمازِ جنازہ میں بڑی تعداد میں کارکنانِ جمعیت نے شرکت کی۔اس موقع پر پیوٹا ہال سے ایڈمنسٹریشن بلاک تک بھی ریلی نکالی گئی۔اس موقع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ناظم کیمپس شفیق الرحمن نے کہا کہ سید علی گیلانی کی پوری زندگی جدوجہد اور باطل کے خلاف علم بغاوت سے بھری ہوئی ہے۔سید علی گیلانی نے نصف سے زیادہ عرصہ عالمی سطح پر جرات مندانہ انداز سے کشمیریوں کا مقدمہ لڑا ہے۔انھوں نے کہا کہ سید علی گیلانی جیسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہے۔ان کی موت تحریک آزادی کشمیر کو نئی جہت اور توانائی دے گی۔
