انتہائی تیزی سے شہریوں کو ویکسین لگا کر دنیا کو حیران کردینے والے اسرائیل میں ایسا کام ہوگیا کہ ماہرین کی پریشانی کی حد نہ رہے
تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس کی ویکسین تیار ہوئی تو اسرائیل نے اس تیزی کے ساتھ اپنے شہریوں کو ویکسین لگانی شروع کر دی کہ دنیا حیران رہ گئی اور اب تک وہاں اکثریتی آبادی کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ اس کے باوجود اسرائیل کورونا وائرس کا اگلا ہاٹ سپاٹ بننے جا رہا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق اسرائیل میں کورونا کے نئے کیسز کی شرح میں ہوشربا تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ بدھ کے روز فی 10لاکھ آبادی میں 1892نئے کیس سامنے آئے۔ اس لحاظ سے اس ایک دن میں اسرائیل کی آبادی کا 0.2فیصد اس ایک دن میں کورونا وائر س میں مبتلا ہوا۔
اسی دن منگولیا نئے کیسز کے حوالے سے دنیا میں دوسرے نمبر پر رہا جہاں 1119کیسز فی 10لاکھ آبادی سامنے آئے۔ اسرائیل ویکسین لگانے کے حوالے سے بھی دنیا میں پہلے نمبر پر ہے، جہاں آبادی کے لحاظ سے سب سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیل اور منگولیا کے بعد کورونا وائرس کے نئے کیسزسامنے آنے کے حوالے سے کوسوو تیسرے، جارجیا چوتھے، مونٹے نیگرو پانچویں، گریناڈا چھٹے، امریکہ ساتویں، کیوبا آٹھویں اور ملائیشیاءنویں نمبر پر ہے۔
