سیلاب متاثرین کو حکومتی امداد جلد پہنچائیں گے،نوابزادہ منصور

سیلاب متاثرین کو حکومتی امداد جلد پہنچائیں گے،نوابزادہ منصور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اپنے نمائندے سے) صوبائی وزیر ریونیو نوابزادہ منصور احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے تمام سیلاب متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے جنوبی پنجاب کے راجن پور،تونسہ،ڈیرہ غازی خان اورعےٰسی خیل کے سیلاب متاثرہ علاقوں کیلئے آبیانہ اورمالیہ معاف کرنے اورسیلاب متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی کے نفاذ کااعلان کیاہے۔ حکومت نے سیلاب متاثرین کو مالی امداد جلد از جلد سیلاب متاثرین تک پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکو مت پنجاب گھروں،فصلوں اورلائیوسٹاک کو ہونے والے نقصان کا بھی ازالہ کرے گی۔اس سلسلہ میں سروے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کیلئے اضافی فنڈز فراہم کر دئیے ہیں۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی ہدایت پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اورڈی جی پی ڈی ایم اے نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ شروع کر دیا ہے اور وہاں پر تمام انتظامات کی نگرانی کا عمل مانیٹرنگ شروع کر دی گئی ہے۔وزیر ریو نیو نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے کابینہ کمیٹی برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ فی الفور تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔حکومت پنجاب سیلاب سے متاثر ہونے والی سڑکوں کی بحالی کیلئے ہنگامی پلان مرتب کر رہی ہے۔
بارشوں کے نئے سلسلے کے پیش نظر ڈیرہ غازی خان،تونسہ،راجن پور میں تمام انتظامات مکمل رکھے جارہے ہیں۔ نوابزادہ منصور احمد خان نے کہا کہ حکومت کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے ضروری سازو سامان اور فوڈ ہیمپرزمتاثرہ علاقوں میں وافرتعداد میں پہنچایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔