وزیر خارجہ کا سعودی ہم منصب سے رابطہ، سیلاب سے تباہی کے بعد تعاون پر شکریہ ادا کیا

وزیر خارجہ کا سعودی ہم منصب سے رابطہ، سیلاب سے تباہی کے بعد تعاون پر شکریہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا سعودی وزیر خارجہ سے رابطہ، سیلاب سے تباہی کے بعد تعاون پر شکریہ ادا کیا۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ نے اپنے پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو زرداری سے تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی واقعات اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ عرب ویب سائٹ کے مطابق جمعے کو وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سعودی وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں پاکستان میں سیلاب کی صورتحال آگاہ کیا اور علاقائی امور کے حوالے سے گفتگو کی۔سعودی وزارت خارجہ کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے متعدد علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے کر آنے والے سیلاب کی وجہ سے  پاکستان اور اس کے عوام کے ساتھ مکمل تعاون اور ساتھ کھڑے ہونے پر مملکت کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ سعودی وزیر خارجہ نے مملکت کی طرف سے  پاکستان اور اس کے عوام کے لیے  تمام حالات میں یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔سعودی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں فریقوں نے تازہ ترین علاقائی اور بین الاقوامی واقعات اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ دونوں برادر ممالک کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے تمام شعبوں میں مشترکہ تعلقات اور ان کو بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔علاوہ ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کو جلسے کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بلاول نے سیلاب کی سیٹیلائٹ اور دیگر تصاویر لگا کر ٹو یٹ کی اور لکھا کہ پاکستان کو اپنی تاریخ کے بدترین سانحے کا سامنا ہے، ملک کا ایک تہائی حصہ زیرآب آچکا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ پاکستان میں تقریباً ساڑھے تین کروڑ افراد متاثر ہوئے جو کل ملکی آبادی کا ساتواں حصہ ہیں۔بلاول کا کہنا تھاکہ سابق وزیراعظم خیبرپختونخوا اور پنجاب میں کنسرٹ کررہے ہیں، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ سیلاب متاثرین کی امداد کے بجائے سابق وزیراعظم کے کنسرٹس کے انعقاد میں مصروف ہیں، ان حالات میں ایسا رویہ شرم ناک ہے۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ پہلے انسان بنو، پھر سیاست دان بنو۔
وزیر خارجہ

مزید :

صفحہ اول -