سی ٹی او عباس مجید کا علی الصبح شہر کے مختلف سیکٹرز کا دورہ

سی ٹی او عباس مجید کا علی الصبح شہر کے مختلف سیکٹرز کا دورہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (کرائمز  رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے علی الصبح شہر کے مختلف سیکٹرز کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران مختلف سیکٹروں میں جاری ترقیاتی کاموں ' سکول جانیوالی گاڑیوں اور ٹریفک کی روانی کا جائزہ لیا۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت مختلف پوائنٹس پر ٹریفک وارڈنز اور اہلکاروں سے ملاقاتیں کیں اور علی الصبح ان کی پوائنٹس پر حاضری پر اطمینان کا اظہار کیا اور انہیں ہدایت کی کہ سکول جانیوالی گاڑیوں کو کسی قسم کی مشکلات پیش نہیں آنی چاہئے تاکہ شہر میں علی الصبح ٹریفک جام کا مسئلہ پیش نہ آئے اسی طرح ٹریفک اہلکاروں کو ترقیاتی کام والی جگہوں پر موجود رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ترقیاتی کاموں کے باعث ٹریفک میں خلل نہ آنے دیا جائے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک حکام اور اہلکار علی الصبح اور سکولوں کی چھٹی کے دوران ٹریفک کی روانی یقینی بنائیں اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لئے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکار تجاوزات مافیا اور نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کرے تاکہ شہر میں کسی بھی جگہ پر ٹریفک جام کا مسئلہ درپیش نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔