تجاوزات مافیا کے خلاف آپریشن میں مزید تیزی لائیں گے: ڈائر یکٹرجنرل ایل ڈی اے 

تجاوزات مافیا کے خلاف آپریشن میں مزید تیزی لائیں گے: ڈائر یکٹرجنرل ایل ڈی اے 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


        لاہور(اپنے نمائندے سے) لاہورڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل عامر احمد خان نے کہا ہے کہ غیرقانونی تجاوزات اور تعمیرات کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رہے گی۔ قبضہ مافیا از خود سرکاری اراضی کاقبضہ چھوڑ دے ورنہ آپریشن کے لیے تیار رہے۔انہوں نے کہا کہ ایل ڈی اے کی حدود میں غیرقانونی تعمیراتی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔دریں اثناء ڈی جی ایل ڈی اے عامر احمد خان کی ہدایت پر ایل ڈی اے کے عملے نے اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن کے ہمراہ نیو گارڈن ٹاؤن میں گرینڈ آپریشن کر کے کروڑوں روپے مالیت کی اراضی واگزار کروا لی۔ آپریشن کی نگرانی ڈائریکٹر ہاؤسنگ فائیوشہباز الحق گھرکی اور اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن سونیا صدف نے کی۔آپریشن کے دوران علی بلاک نیوگارڈن ٹاؤن میں پانچ مرلے کے 18پلاٹ واگزار کروائے گئے۔ 10 مرلے کا ایک پلاٹ واگزارکروایاگیا، 10 کنال پر مشتمل پلاٹ نمبر 59اے واگزار کروا یا گیا اور سوک سینٹر نیو گارڈن ٹاؤن میں آٹھ کنال اراضی واگزار کرو ا لی گئی۔ ایل ڈی اے کے عملے نے انفورسمنٹ سکواڈ اور بھاری مشینری کے ساتھ غیرقانونی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔ آپریشن کے موقع پر پولیس کی نفری بھی موجود تھی۔ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ایل ڈی اے افسران قبضہ گروپوں کے خلاف آپریشن کے لئے ہر وقت متحرک رہیں۔ایسے مافیا کی سرکوبی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کیونکہ قبضہ گروپ خزانے کو نقصان پہنچاتے ہیں۔